پنجاب میں 15ستمبر سے شادی ہالز دوبارہ کھولنے کے لئے ‘ایس او پیز’ تیار

588

حکومت پنجاب نے 15 ستمبر سے شادی ہالوں اور بازاروں کو دوبارہ کھولنے کی منظوری دے دی ہے، آغاز کے لئے 10 نکاتی طے شدہ قواعد و ضوابط پر عمل کرنا لازم ہوگا۔

صوبائی حکومت کے مقرر کردہ ایس او پیز کے مطابق ، دولہا اور دلہن کو اپنی شادی میں چہرے کا ماسک اور دستانے پہننا ہوں گے اور جب تک وہ شادی ہال میں ہوں معاشرتی فاصلے کو برقرار رکھنا ہوگا۔
ضلعی انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ سینیٹائزر گیٹ کا لگانا لازم ہوگا اس کے ساتھ شادی ہالوں اور مارکیوں کو مہمانوں کی مجموعی صلاحیت کے صرف نصف حصے کی اجازت ہوگی، 400افراد پر مشتمل ہال میں صرف 200 مہمانوں کے بیٹھنے کی اجازت ہوگی اور فاصلے کو برقرار رکھنا ہوگا ۔

 

 

 

دوسری جانب ویٹروں اور دیگر عملے کے لئے بھی لازم ہے کہ وہ چہرے کا ماسک پہنیں اور تمام واش رومز میں ہینڈ سینیٹائزر ضرور رکھے ہوں۔

واضح رہے اگست میں میرج ہالز لیبر کے ورکرز نے شادی ہالوں کو دوبارہ کھولنے کے مطالبے پر ایک مظاہرہ کیا تھا، مظاہرین میں خواتین ، بچوں سمیت وہ سب افراد تھے جو اس کاروبار سے وابستہ تھے اور ان سب نے لاک ڈاؤن کے دوران شادی ہالوں کی بندش کے خلاف نعرے بازی کی اور دھرنا دیا اور حکومت سے کاروبار کو دوبارہ شروع کرنے پر زور دیا ۔