جنگ مسلط کی گئی تو سخت جواب ملے گا،جنرل باجوہ

514
راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ شہداء کے لواحقین کو شیلڈ پیش کررہے ہیں

کراچی/ راولپنڈی/اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر+خبر ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق ہم کسی بھی یکطرفہ فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے،جنگ مسلط کی گئی تو سخت جواب ملے گا،ففتھ جنریشن یا ہائبرڈ وار کے خطرے سے بخوبی آگاہ ہیں، افواج پاکستان پوری قوت سے لیس،چوکنا اور باخبر ہیں، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ بحری خطرات سے نمٹنے اور دشمن کو پھر سے مزا چکھانے کے لیے تیار ہیںجبکہ وزیراعظم عمران خان نے دشمن کیخلاف قومی اتحاد اور عزم کبھی نہیںبھلایا جاسکتا، کوئی دشمن اتنی متحد قوم کو شکست نہیں دے سکتا۔(آئی ایس پی آر) کے مطابق یوم دفاع کے موقع پر جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں فوجی اعزازات دینے کی تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ تھے۔ تقریب میں شہداکے اہل خانہ، غازیوں اور حاضر سروس افسران نے شرکت کی۔تقریب میں آرمی چیف نے جرأت کامظاہرہ کرنے والے جوانوں کو اعزازات سے نوازا، 40 افسروں کو ستارہ امتیاز ملٹری اور 24 افسروں اور جوانوں کو تمغہ بسالت سے نوازاگیاجبکہ ایک جوان کو یونائیٹڈ نیشن میڈل سے نوازا گیا،شہدا کے اعزازات ان کے اہل خانہ نے وصول کیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کاکہنا تھا کہ 6 ستمبر1965ء کا دن ہماری تاریخ کا ایک لازوال باب ہے، آج کے دن یکجہتی، وطن سے محبت، قربانی اور بہادری کی بے شمار داستانیں رقم ہوئیں، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے اپنے سے کئی گنا بڑے دْشمن کو شکست دی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم آج بھی دْشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور آج بھی ہم اپنی آزادی کی حفاظت اپنے خون سے کر رہے ہیں، ہمارے شہید ہمارے ہیرو ہیں،شہداکے اہل خانہ کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کے پیاروں کی قربانی کو کبھی نہیں بھولیں گے۔جنرل قمر جاوید باجوہ کاکہنا تھا کہ ہمارے دشمن اس پہچان کو مٹانے کے لیے لگاتار سازشوں کا جال بنتے آئے ہیں لیکن الحمداللہ افواج پاکستان اور قوم نے جذبہ ایمانی سے سرشار ہو کر ان کی ہر چال کو ناکام بنایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج جیسی دلیر اور بہادر سپاہ کی کمان کرنا میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے،ہمارا ہر آفیسر اور جوان ایسی فوج کی نمائندگی کرتا ہے، جس کی صلاحیتوں کو دنیا نے تسلیم کیا ہے، پاکستانی قوم کی افواج سے محبت لازوال ہے۔جنرل باجوہ کا کہنا تھا کہ یہ چیلنج ففتھ جنریشن یا ہائبرڈ وار کی صورت میں ہم پرمسلط کیاگیا ہے،اس کامقصد ملک اور افواجِ پاکستان کو بدنام کر کے انتشار پھیلانا ہے،ہم اس خطرے سے بخوبی آگاہ ہیں اور اس جنگ کو جیتنے میں بھی ہم ان شاء اللہ ضرور کامیاب ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم پوری دنیا بالخصوص اپنے خطے میں امن کے خواہاں ہیں، افغانستان میں امن کی کوششوں میں پاکستان کا کلیدی کردار منہ بولتا ثبوت ہے جبکہ ہمسایہ ملک بھارت نے ہمیشہ کی طرح غیر ذمے دارانہ رویہ اختیار کر رکھا،بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے غیر قانونی اقدام کیا۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بھارت نے خطے کے امن کو ایک بار پھر شدید خطرات سے دوچار کردیاہے،کوئی شک نہیں کہ جموں کشمیر بین الاقوامی طور پرتسلیم شدہ مسئلہ ہے ،اس حوالے سے ہم کوئی بھی یک طرفہ فیصلہ تسلیم نہیں کرتے،بانی پاکستان نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قراردیا تھا۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان پوری قوت سے لیس ، چوکنا اور باخبر ہیں، ہمیں نئے حاصل شدہ اسلحے کے انبار سے مرعوب کیاجاسکتا ہے نہ ہم پرکوئی دھمکی اثر انداز ہوسکتی ہے ، ان شااللہ دشمن کی کسی بھی حرکت کافوری اور پوری قوت سے جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ وقت ہمیں کئی بار آزما چکا ہے،ہم ہر بار سرخرو ہوئے،پاکستان زندہ حقیقت ہے ،ہمارا خون،جذبہ عمل ہر محاذ پر اسکی گواہی دے گا ، پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن ہم پر جنگ تھوپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے،اس کا مظاہرہ بالاکوٹ کے ناکام حملے کے جواب میں دیا،اس لیے دشمن کو کوئی شک نہ ہو۔دوسری جانب چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاک بحریہ نے 55 واں یومِ دفاع عقیدت اور جوش و جذبے سے منایا۔ یہ دن ہماری مسلح افواج، شہدا ، غازیوں اور قومی ہیروز کی عظیم قربانیوں کی یادمیں منایا جاتا ہے جوکہ 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہے۔شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیاجو دشمن کی عددی برتری کے باوجود ثابت قدم رہے اور اْنھوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو تحمل، ہمت اور غیرت مندی سے خاک میں ملادیا۔ پاکستانی قوم یہ دن اپنے بہادر اور جری سپاہیوں، سیلرز اور ائیر مین کی قربانیوں کی یاد میں عقیدت و احترام سے مناتی ہے جنھوں نے اپنے وطن کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی بخوبی حفاظت کی۔ انھوں نے کہا کہ پاک بحریہ کثیرالجہتی بحری خطرات سے نبردآزما ہونے اور دشمن کی سازشوں کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہر طرح سے تیار ہے۔ امیر البحر نے کہا کہ ہمت، عزم، قربانی اور قومی سالمیت کا مظہر، یہ دن تقاضہ کرتا ہے کہ بے غرض ہو کر ملک کے لیے کام کیا جائے، قائد کے عظیم اصولوں پر کار بند رہا جائے اور اللہ تعالیٰ پر کامل یقین رکھا جائے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دشمن کیخلاف قومی اتحاد اور عزم کبھی نہیںبھلایا جاسکتا، کوئی دشمن اتنی متحد قوم کو شکست نہیں دے سکتا۔انہوںنے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ جناح کا پاکستان بنانے کیلیے آج بھی اسی جذبے کی ضرورت ہے ۔قبل ازیں یوم دفاع پاکستان ملک بھر میں ملی جذبے سے منایا گیا ، اس سلسلے میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا ،شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی و خوشحالی کی دعائوں کے ساتھ کیا گیا جبکہ وفاقی دارالحکومت میں 31جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21توپوں کی سلامی سے ہوا۔کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی کی تبدیلی کی پروقار تبدیلی کا انعقاد کیا گیا جہاں اصغر خان اکیڈمی کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھالیے ،گارڈز میں 3خواتین سمیت 46کیڈٹس شامل ہیں۔