۔3 بڑی شوگر ملز سے 74 کروڑ 68لاکھ روپے وصولی میں ناکامی

85

اسلام آباد ( آن لائن)ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان 3 بڑی شوگر ملز سے 74 کروڑ68 لاکھ روپے وصول کرنے میں ناکام ہوگئی اور پارلیمانی پبلک اکائونٹس کمیٹی نے معاملہ نیب کو بھجواتے ہوئے تحقیقات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔پی اے سی پیش کردہ دستاویزات کے مطابق سال 2013ء تا 14 میں ٹریڈنگ کارپوریشن نے 17 ہزار 460 میٹرک ٹن چینی مختلف شوگر ملزم سے خریدی اور انہیں اس مکمل ادائیگی بھی کر دی جوکہ 90 کروڑ 27 لاکھ روپے تھی ۔یہ تمام رقم پیشگی ادا کی گئی مگر ان شوگر ملز نے 15 ہزار145 میٹرک ٹن چینی سپلائی نہیں کی جس کی مالیت 79 کروڑ 20 لاکھ تھی اس پر ٹی سی پی نے 4 کروڑ51 لاکھ روپے کی ان شوگر ملز کی بینک گارنٹی ان کیش کروا لی جبکہ 47 کروڑ68 لاکھ روپے ان شوگرملز سے آج تک وصول نہیں کیے جا سکے ۔آڈیٹر جنرل کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ نیب کو بھجوا دیا گیاجوکہ ابھی تک زیر التوا ہے۔انتظامیہ نے یہ بھی جواب دیا کہ کہ عبد اللہ شاہ شوگر مل ،غازی ،مکہ اور حق باہو شوگر مل سے یہ واجبات وصول کیے جانے ہیںکیونکہ یہ تینوں شوگر ملز ڈیفالٹ ہو چکی ہیں جب شوگر ملز کے خلاف کارروائی کی گئی تو وہ عدالت چلی گئیں اور اب یہ معاملہ عدالت میں زیر التوا ہے ۔دستاویزات میں مزید کہاگیا کہ عبد اللہ شاہ غازی شوگر مل کے خلاف کیس 15 ستمبر کو عدالت میں سنا جائے گا جب مکہ شوگر مل اور حق باہور شوگر مل کے خلاف بھی کیس کی سماعت 15 ستمبر کو ہی ہوگی ۔پبلک اکائونٹس کمیٹی اور محکمانہ اکائونٹس کمیٹی بھی ان تینوں شوگر ملز کے خلاف کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچانے میں ناکام رہی اورٹی سی پی کی ناقص پالیسی سے نہ چینی وصول ہوسکی اور نہ ہی ان کو ایڈوانس دی گئی رقم واپس لی جا سکی ۔