جھڈو، دو ہفتوں بعد بھی بلدیہ انتظامیہ برساتی پانی نکالنے میں ناکام

159

جھڈو (نمائندہ جسارت) دو ہفتوں بعد بھی بلدیہ انتظامیہ شہر سے برساتی پانی نکالنے میں ناکام رہی ہے، شہر کا مواصلاتی رابطہ منقطع، مایوس شہریوں نے بلدیہ کی انتظامیہ کو مشینری کی پیشکش کی، جس کے بعد شہر سے برساتی پانی نکالنے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ جھڈو میں طوفانی بارشوں کو دو ہفتے گزر چکے ہیں لیکن شہر کے اکثر علاقوں میں برساتی پانی تاحال موجود ہے، جس سے جمعہ کی شام ہونے والی موسلا دھار بارش سے اضافہ ہوگیا ہے۔ جمعہ کی دوپہر بارش سے جل تھل ہوگیا، وہیں مزید نشیبی علاقے بھی زیر آب آگئے اور گلی محلے ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔ دوسری جانب جھڈو کا ریلوے گرائونڈ اور مویشی منڈی کا میدان بھی دو ہفتوں سے مکمل طور پر زیر آب ہے اور وہاں 6 سے 8 فٹ تک پانی جمع ہے۔ مین اسٹیشن روڈ سے شہر کو جانے والی مرکزی سڑک مسلسل دو ہفتوں سے زیر آب رہنے کی وجہ سے جھڈو کا مین اسٹیشن روڈ سے رابطہ منقطع ہے۔ ٹائون کمیٹی جھڈو کی ناقص کارکردگی سے مایوس شہریوں نے شہر سے برساتی پانی نکالنے کے لیے ٹریکٹر، پانی نکالنے والے پائپ اور پنکھے دینے کی پیشکش کی جسے ٹائون انتظامیہ نے قبول کیا اور اب ٹائون انتظامیہ اور شہر کے مخیر حضرات کے تعاون سے شہر سے برساتی پانی نکالنے کا عمل شروع کیا گیا ہے۔