نااہلی اور کرپشن نے پورے سندھ کو ڈبو دیا، صلاح الدین

179

جھڈو (نمائندہ جسارت) ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی نااہلی اور کرپشن نے سندھ کے شہری ودیہی علاقوں سمیت پورے سندھ کو ڈبو دیا ہے، عوامی فلاح کے منصوبوں پر خرچ کرنے کے لیے مختص رقم پوری کی پوری اگر ہڑپ کرلی جائے گی تو صوبہ تو ڈوبے گا۔ یہ بات انہوں نے جھڈو میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد جھڈو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ انچارج خوشی محمد مغل، جوائنٹ انچارجز خالد تبسم، آفاق ایڈووکیٹ، ٹائون انچارج سیلم رضا، جوائنٹ انچارچ فرمان کے کے، شوکت علی، زاہد حفیظ اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2011ء میں آنے والے سیلاب کے بعد بھی سیم نالوں اور ندی نالوں کو ری ڈیزائننگ کرنے کے حوالے سے اقدامات نہیں کیے اور اس مد میں آنے والے اربوں روپے ہڑپ کرلیے اور ایک بار پھر جھڈو اور نواحی علاقے کو جان بوجھ کر ڈبو دیا گیا۔ سندھ حکومت نے شہری حکومت کے اختیارات پر بھی ڈاکا ڈال کر سارے کے سارے بلدیاتی اختیارات اپنے پاس رکھے، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ آج کراچی بھی مکمل طور پر ڈوبا ہوا ہے۔ اس مسئلے کو قومی اسمبلی میں اٹھایا جائے گا، میں وزیر اعلی سندھ کے اس مؤقف سے بالکل بھی مطمئن نہیں ہوں کہ وفاق سندھ کو این ایف سی ایوارڈ کے مطابق رقم نہیں دے رہا۔ صرف اس سال کورونا کی وجہ سے کم رقم ملی ہے۔ سندھ حکومت اگر سنجیدہ اور مخلص ہوتی تو ندی نالوں کو چوڑا کرنے اور اس میں موجود رکاٹوں کے معاملے کو مستقل بنیادوں پر پہلے ہی حل کرلیتی۔