حیدرآباد،3 دن کے بعد دوبارہبارش ،نکاسی آب کا نظام بیٹھ گیا

335
حیدرآباد: موسلا دھار بارش کے دوران ایک شاہراہ سے گاڑیاں گزررہی ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد میں جمعہ کے روز بھی بارش،نشیبی علاقوں میں صورتحال مزید خراب ہوگئی،کئی علاقوں میں شہری برسات اور سیوریج کا پانی جمع ہونے کے باعث گھروںمیں ہی محصور رہے ۔ 3روز کے وقفے کے بعد جمعہ کے روز حیدرآباد میں پھر بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے باعث شہر کی صورتحال مزید خراب ہوگئی ۔شہر کے بیشتر علاقوں میں مہر علی ہاؤسنگ سوسائٹی، ٹنڈو یوسف،لطیف آباد نمبر 10،11،12،بلاک بی ، گرونگر، ریلوے کالونی، امریکن کوارٹر، حالی روڈ، فتح چوک سمیت دیگر علاقوں میں صورتحال انتہائی خراب ہے اورگزشتہ برسات وسیوریج کے پانی میں تاحال لوگ پھنسے ہوئے ہیں جبکہ شہر کا نکاسی آب کا نظام مکمل طور پر بیٹھ گیا ہے بارش کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوگئے ہیں جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارش کی پیشگوئی ہے ۔ ان حالات میں ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی مایوس کن ہے ۔اسپتالوں، مساجد، تعلیمی اداروں اور مدارس سمیت اہم سرکاری دفاترکے باہربارش اور سیوریج کا پانی جمع ہوگیا۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر اور بارش کے پانی کے نکاسی کیلیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔