پنگریو، بارش سے متعدد دیہات زیر آب، شاعر کے مقبرے کو نقصان

144

پنگریو (نمائندہ جسارت) پنگریو کے قریب واقع سندھ کے عظیم شاعر اور سرکیڈارو کے خالق خلیفہ نبی بخش قاسم کا مزار اور گائوں محمد ہاشم لغاری سمیت گردونواح کے پانچ دیہات بارش کے پانی میں ڈوب گئے، جس کی وجہ سے مرحوم شاعر کے مقبرے کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ گائوں کے درجنوں گھر گر گئے ہیں، متاثرین بے یارو مددگار بیٹھے ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے گائوں کے معززین اور خلیفہ نبی بخش قاسم کے قریبی رشتہ داروں عبدالخالق لغاری، حبیب اللہ اور محمد صالح لغاری نے میڈیا کو بتایا کہ خلیفہ نبی بخش قاسم سندھ کے معروف شاعر تھے اور انہوں نے سرکیڈارو تخلیق کیا تھا، ان پر نصاب میں مضمون بھی شامل کیے گئے ہیں مگر حالیہ بارشوں کے دوران ان کے مقبرے کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ بارش کا پانی تاحال ان کے مقبرے کے گرد موجود ہے مگر محکمہ ثقافت اور دیگر متعلقہ اداروں نے ان کے مقبرے کے گرد جمع پانی نکالنے اور مقبرے کی مرمت کرانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے باعث گائوں خلیفہ محمد ہاشم لغاری، محمد خان لغاری، فتح محمد کلوئی، جگسی کولہی اور کھیتور باری مکمل طور پر زیر آب آگئے ہیں۔ علاقے کا تاریخی گاڑھو قبرستان بھی پانی میں ڈوبا ہوا ہے، جس کی وجہ سے قبریں مسمار ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ پانچوں دیہات کے باشندے بے گھر ہوچکے ہیں مگر انتظامیہ نے ان کی کسی قسم کی مدد نہیں کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خلیفہ نبی بخش قاسم کے مقبرے اور علاقے کے پانچ متاثرہ دیہات میں جمع پانی کی نکاسی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور متاثرین کی مدد کی جائے۔