گجر نالے پر تجاوزات کیخلاف آپریشن،مکینو ں کا احتجاج

121

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر میں نالوں پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے جمعرات کو دوسرے روز آپریشن کے دوران گلبرگ میں گجر نالے کے اطراف درجنوں تعمیرات مسمار کردی گئیں۔ کے ایم سی اور انسداد تجاوزات کی ٹیمیں آپریشن کے لیے پہنچیں تو مکین بھی گھروں سے باہر نکل آئے اور سڑک بند کرکے احتجاج کیاجس کے باعث ٹریفک جام ہوگیا۔ علاقے کے نمائندے اور اسسٹنٹ کمشنر کے مذاکرات کے بعد سافٹ انکروچمنٹ ہٹانے اور سروے کا عمل شروع کیا گیا۔انسداد تجاوزات مہم کے پہلے مرحلے میں نالہ اسٹاپ نیو کراچی، کیفے پیالہ اور آس پاس کے دیگر
علاقوں کے قریب دکانوں اور چھپروں سمیت غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کیا جائے گا۔محکمہ انسداد تجاوزات کے اضافی عملے کو سندھ کے دیگر علاقوں سے طلب کیا گیا ہے۔ کراچی میں2 روزسے جاری انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران درجنوں تعمیرات مسمار کی جاچکی ہیں، آپریشن سے قبل لوگوں کو جگہ خالی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب دل برداشتہ ضعیف خاتون نے حکمرانوں سے ہاتھ جوڑ کر کہا کہ پہلے ہمیں مار دو پھر گھر گرادینا، قرضہ لے کر بڑی مشکلات جھیل کر گھر تعمیر کیا تھا پہلے بھی میرا گھر گرادیا تھا میں اب بیٹی کے گھر جاکر گزر بسر کرنے پر مجبور ہوں۔ واضح رہے پہلے مرحلے میں کیفے پیالہ، لیاقت آباد اور نالہ اسٹاپ نیو کراچی تک کارروائی کی جارہی ہے جبکہ رہائشیوں کو متبادل جگہ دینے کے بعد دوسرے مرحلے میں غیرقانونی عمارتوں کو مسمار کیا جائے گا۔