چین کیخلاف جاپان، آسٹریلیا اور بھارت کا معاشی اتحاد

272

ٹوکیو (انٹرنیشنل ڈیسک) جاپان عالمی وبا کورونا کے تناظر میں آسٹریلیا اور بھارت کے ساتھ مل کر علاقائی سپلائی چین کو بہتر بنانے پر غور کررہا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق تینوں ممالک طبی مصنوعات اور گاڑیوں کے پرزوں جیسی اشیا کے لیے چین پر اپنا انحصار کم کرنا چاہتے ہیں۔ اسی سلسلے میں جاپان، آسٹریلیا اور بھارت کے وزرائے معیشت نے گزشتہ روز وڈیو کال کے ذریعے بات چیت کی۔ اس موقع پر جاپانی وزیر یاما ہیروشی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلنے کے بعد سے سپلائی چین کو مضبوط بنانے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں اور ہمیں مستقبل میں ایک دوسرے سے تعاون جاری رکھنا چاہیے۔ تینوں وزرا نے رواں برس کے آخر تک سپلائی نیٹ ورک کا نظام تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے۔ اس منصوبے میں جنوب مشرقی ایشیا کے دوسرے ملکوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جاپان قدرتی وسائل سے مالا مال آسٹریلیا کے ساتھ اقتصادی تعلقات مضبوط بناتے ہوئے آئی ٹی ٹیلنٹ کے حامل بھارت کے ساتھ بھی تعاون گہرا کرنا چاہتا ہے۔ دوسری جانب چین اور آسٹریلیا کے مابین نیا بحران شروع ہوگیا ہے۔ بیجنگ انتظامیہ نے آسٹریلیا کے سب سے بڑے اناج برآمد کنندہ سے ’’جَو‘‘ کی خریداری روک دی ہے۔ محکمہ کسٹم کے مطابق کمپنی کی مصنوعات سے نقصان دہ کیڑے نکلنے کی وجہ سے جو کی برآمد بند کی گئی ہے۔