عاصم سلیم باجوہ چند دنوں میں اثاثوں کی وضاحت کریں گے،شبلی فراز

456

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ چند دنوں میں اثاثوں کی وضاحت کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میری وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات سے بات ہوئی ہے۔

وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ چئیرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ چند دنوں میں اپنے اثاثوں سے متعلق خبروں کی وضاحت کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات وچیئیرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے 15 کروڑ روپے کے اثاثے ظاہر کیے اور دستاویز کے مطابق ان کے پاس گلبرگ گرین، اسلام آباد میں سات کروڑ روپے مالیت کا پانچ کنال کا مکان بھی ہے جبکہ اس کے علاوہ وہ رحیم یار خان اور بہاولپور میں 65 ایکڑ اراضی کے بھی مالک ہیں۔

چیئیرمین سی پیک اتھارٹی کی جانب سے دستاویز میں بتایا گیا تھا کہ کراچی، لاہور اسلام آباد میں پانچ پلاٹس بھی ہیں اور بینک اکاونٹ میں تقریبا تین لاکھ روپے کے علاوہ چار ہزار سے زیادہ ڈالرز بھی ہیں۔