اپوزیشن متحد ہے، حکومت کیخلاف طبل جنگ بجائے گی، غفور حیدری

256

مانسہرہ (آن لائن) جمعیت علما اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری سابق چیئرمین سینیٹ سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کرچکے ہیں اور تمام اپوزیشن جماعتیں پر عزم ہیں، ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر حکومت کے خلاف جنگ کا طبل بجائیں گے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ اس وقت ختم نبوت کے قانون کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، قادیانی لابی متحرک ہو چکی ہے، جمعیت علما اسلام ان کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، جمعیت علما اسلام کے ہوتے ہوئے دنیا کی کوئی طاقت ختم نبوت کے قانون میں ترمیم نہیں کر سکتی ، 7 ستمبر 2020ء کو جمعیت علماء اسلام کے پی کے پشاور میں ایک تاریخ ساز ختم نبوت کانفرنس منعقد کر رہی ہے، اس کانفرنس کو کامیاب بنانے کیلیے کارکنان بھرپور محنت کریں۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے مزید اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز نہیں، موجودہ حکومت آٹا چور، چینی چورکی پشت پناہی کر رہی ہے، حکومت نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے، حکومت کے خلاف جلد رہبر کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں حکومت کے خلاف تحریک کا آغازکریں گے۔ 2 سال مکمل ہوچکے ہیں اس حکومت کی کوئی کارکردگی نہیں ہے، یہ ہماری خدمت کیلیے نہیں بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ کے اشارے پر آئے ہیں، پوری قوم ان حکمرانوںکے خلاف نکلنے کیلیے تیار ہے۔