کراچی ، ندی نالوں پر تجاوزات کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاری

252

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں ندی نالوں پر تجاوزات کے خلاف بڑے آپریشن کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، اس سلسلے میں تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں۔ آپریشن میں پاک فوج ، رینجرز کی ٹیمیں شہری انتظامیہ کے نمائندوں کے ساتھ حصہ لیں گی‘12 مقامات پر گرینڈ آپریشن کے ذریعے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا، گجر نالے کے 3، لیاری ندی کے 2 مقامات پر آپریشن ہوگا، اورنگی نالے کے 3، ملیر ندی میں2 مقامات پر آپریشن ہوگا، جب کہ محمود آباد نالے کے اطراف 2 مقامات پر تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔اس انسداد تجاوزات مہم کی نگرانی
متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کریں گے‘ گرینڈ آپریشن کے لیے12 ایکسکویٹرز بھی منگوا لیے گئے، جن کے ساتھ جیک ہیمر بھی ہوں گے۔ آپریشن کے دوران ندی نالوں کے دونوں اطراف30 فٹ کی جگہ کلیئر کی جائے گی‘ تجاوزات پر رہائش پذیر افراد کے لیے عارضی کیمپس بنائے جائیں گے‘ اینٹی انکروچمنٹڈپارٹمنٹ کی سندھ بھر سے اضافی نفری بھی کراچی پہنچ گئی ہے۔ دریں اثنا بارش کے بعد کراچی کے ڈوبنے کی بنیادی وجہ شہر کے27 نالوں پر قائم تجاوزات ہیں۔سرکاری دستاویزات کے مطابق شیر شاہ نالے پر لیاری ندی سے اُردو بازار تک80 فیصد، یونیورسٹی روڈ سونگل نالے اور رنچھوڑلائن سے مائی کولاچی تک سٹی نالے 70،70 فیصد اور نیوکراچی9 ہزار روڈ نالے کے60 فیصد حصے پر تجاوزات ہیں۔ نیوکراچی 7 ہزار روڈ نالے، لیاری ہارون آباد اور پہلوان گوٹھ نالے کے30، 30 فیصد حصے پر تجاوزات قائم ہیں۔ ساڑھے 13کلومیٹر طویل گجر نالے پر ہزاروں گھر تعمیر ہیں۔