عوام کلفٹن بورڈاور ڈی ایچ اے کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے ، پولیس کا لاٹھی چارج

568
کراچی: ڈیفنس اور کلفٹن کے مکین بارش کے پانی کی عدم نکاسی پر ڈی ایچ اے کے دفتر پراحتجاج کررہے ہیں

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں بارش کی تباہ کاریوں اور نقصانات کے خلاف عوام کلفٹن اور ڈی ایچ اے بورڈ کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے‘ پولیس نے لاٹھی چارج کیا‘ مظاہر ین نے کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے دفترکا گھیرائوکرلیا اور اندر داخل ہونے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنا دیا‘ مظاہریں بارش اور سیوریج کے پانی کی نکاسی، نظام کو بہتر بنانے، سڑکوں کی
مرمت اور سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ کی برطرفی کا مطالبہ کر رہے تھے‘ انہوں نے بورڈ افسران کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور مطالبات کی منظوری تک ٹیکسز نہ دینے کا اعلان کیا ۔ ڈی آئی جی سائوتھ کی مداخلت پر سی بی سی انتظامیہ مظاہرین سے مذاکرات پرمجبور ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق پیرکوکلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے دفترکے باہر ڈیفنس اور کلفٹن کے مکینوںنے احتجاجی مظاہرہ کیا‘ مظاہرے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے۔ اس موقع پرکنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ نے اپنے دفتر کے دروازے بند کرکے پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی ‘ ڈی آئی جی ساؤتھ نے کنٹونمنٹ بورڈ کے افسران سے رابطہ کیا‘ ابتدائی طور پر کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن مظاہرین سے بات چیت کے لیے تیار نہ تھا‘ تاہم ڈی آئی جی سائوتھ کی مداخلت کے بعد بوڈر اور مظاہرین کے ساتھ مذاکرات ہوئے جس میں ڈی آئی جی اور ایس ایس پی ساؤتھ بھی شامل ہوئے مظاہرین کی جانب سے مذاکرات میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں کی صفائی 24 گھنٹے میں یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ٹیکس معاف کرنے کا مطالبہ بھی کیا ۔مظاہرین نے سہولیات کی عدم فراہمی، ماسٹر پلاننگ کے فقدان، بارش کے پانی کی نکاسی کے ناقص نظام پر کنٹونمنٹ بورڈ کے افسران کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھاکہ مطالبات کی منظوری تک وہ ٹیکسز نہیں ادا کریں گے۔ انہوں نے سی ای او کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے استعفے اور سی بی سی کے ٹیکس آڈٹ کا بھی مطالبہ کیا۔ خیابان سحر، خیابان شجاعت، ڈیفنس22 اسٹریٹ ،26 اسٹریٹ پر تاحال بارش کا پانی جمع ہے۔ بدر کمرشل اسٹریٹ پر بھی پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات درپیش ہیں۔ ادھر حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے بخاری کمرشل سے بارش کا پانی نکالنے کے لیے اپنی مشینیں خیابان محافظ اور خیابانِ شجاعت میں لگائی ہیں۔