حضرت حسین ؓ کا راستہ ہی حق اور سچ ہے، جاوید قصوری

279

لاہور (نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا ہمیں عظیم قربانیوں کا درس دیتا ہے۔ حضرت حسین ؓ کا راستہ ہی حق اور سچ کا راستہ ہے اس پر چلتے ہوئے ہمیں کامیابی کا پختہ یقین ہونا چاہیے۔ نواسہ رسول ؐ نے اپنے خاندان کے ہمراہ قربانی دے کر ثابت کردیا کہ مسلمان کبھی ظلم کی تائید نہیں کرسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہادت حسینؓ کے حوالے سے منعقدہ مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان کبھی ظالم کا ساتھی نہیں بن سکتا۔ حضرت حسین ؓ نے یزید کی بیعت کا انکار کیا۔ آج ہمیں بھی ان کے راستے پر چلتے ہوئے کفار کی کاسہ لیسی اور غلامی کو ترک کرنا چاہیے۔ جس اندازمیں ماضی کے حکمرانوں نے امریکی غلامی کا طوق گلے میں پہنا اور جی حضوری کرتے ہوئے ہر حد کو عبور کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ اغیار کی غلامی کا طرز عمل مسلمانوں کی درخشاں روایات کے منافی ہے۔ شہادت حسین ؒ کا پیغام انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرم کے مہینے میں ہمیں تمام مقدس ہستیوں کا تذکرہ کرنا چاہیے۔ یہ ساری مقد ہستیاں امت کی مقدس ہستیاں ہیں۔ آج کے دور میں ان ہستیوں کی بنیاد پر جو شخص امت کو لڑانا چاہتا ہے، امت میں تفرقہ پھیلانا چاہتا ہے وہ ہمارا دوست نہیں بلکہ پوری امت کا دشمن ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اسلام ہمیں امن کا پیغام دیتا ہے۔ قوم اس مقدس مہینے میں متحد ہو کر اور پر امن رہ کر محرم کا مہینہ گزارے۔ یہود و نصاریٰ کو امت کا اتحاد ایک آنکھ نہیں بھاتا اور وہ اس کیخلاف مسلسل سازشوںمیں مصروف ہیں۔ ہمیں اتحاد و یکجہتی سے ان کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ یوم عاشورہ کے حوالے سے حکومت مکمل فول پروف اقدامات کرے۔