کراچی میں بارش کی تباہ کاریاں، سندھ رینجرز کا ریسکیو آپریشن جاری

625

کراچی میں بارش کی تباہ کاریوں کے باعث سندھ رینجرز کا ریسکیو آپریشن شہر کے مختلف علاقوں میں جاری ہے۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق متاثرہ علاقوں سے شہریوں کو کشتیوں کے ذریعے ریسکیو کیا جا رہا ہے۔

رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ کھانے پینے کی اشیا کی قلت ہے، مخیر حضرات کے تعاون سے کھانا پہنچایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بارش سے متاثرہ شہری رینجرز ہیلپ لائن پر کال کر کے مدد حاصل کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق (آج) ہفتہ سے پیر کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، شہید بینظیرآباد، دادو، تھرپارکر، نگرپارکر، میرپورخاص، اسلام کوٹ، عمر کوٹ، سانگھڑ، سکھر اور لاڑکانہ میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

میٹ آفس کے مطابق اتوار اور پیر کو لسبیلہ، خضدار، آواران، بارکھان، ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، کوہلو اور سبی میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی توقع ہے۔

اس دوران بہاولپور، رحیم یار خان، خانپور، راجن پور، ڈی جی خان، ملتان، خانیوال اور ساہیوال میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، میرپور خاص اور بدین میں اتوار اور پیر کو موسلادھار بارش کے باعث مزید اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

اس دوران سبی، قلات، خضدار، لسبیلہ اور ڈیرہ غازی خان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔