دوسری شادی کے خواہش مندشوہروں کے لیے بری خبر

1095

اسلام آباد:بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کے خواہش مند شوہرہوجائیں ہوشیار،سپریم کورٹ نے دوسری شادی کے لیے پہلی بیوی یاثالثی کونسل کی اجازت لازمی  قرار دے دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹس مظاہر علی اکبر نے دوسری شادی کے معاملے پر 5صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کردیاہے،جس میں کہا گیا ہے کہ بغیر اجازت دوسری شادی پر پہلی بیوی کو حق مہر فوری دینا ہوگا، مہر معجل ہو یا غیر معجل دونوں صورتوں میں واجب الادا ہوگا۔

سپریم کورٹ کا مزید کہنا تھا کہ دوسری شادی کے لیے اجازت کاقانون معاشرہ بہتر انداز سے چلانے کے لیے ہے،دوسری شادی کے لیے اجازت کے قانون کی خلاف ورزی سے کئی مسائل جنم لیں گے۔

سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے درخواست گزار کو حق مہر ادا کرنے کا حکم دیا ہے،سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل پر حکم جاری کیا۔