اپوزیشن ملک کو گرے لسٹ سے نکلنے نہیں دے رہی، وزیر اعظم

655

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر ملک کو گرے لسٹ سے نہیں نکلنے دے رہے ہیں،اپوزیشن معیشت کو تباہ کرکے ملک میں غربت بڑھانا چاہتی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کی کوششوں کو بھی اپوزیشن سبوتاژ کررہی ہے، سینیٹ میں آج ایف اے ٹی ایف سے متعلق 2بل مسترد کردیے گئے،انسداد منی لانڈرنگ اور اسلام آباد وقف املاک بل مسترد کردیے گئے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ اپوزیشن کا مفاد اور ملکی مفاد متصادم ہے،اپوزیشن رہنما پارلیمنٹ کو کام کرنے سے روکنے کی کوشش کررہے ہیں،ملک مزید کسی این آر او کا متحمل نہیں ہوسکتا،جو بھی ہوجائے اپوزیشن کو این آر او نہیں ملے گا،این آر او دینا قوم کے اعتماد سے غداری کے مترادف ہوگا۔

عمران خان نے مزید کہاکہ احتساب کا عمل سخت ہوگیا ہے،احتساب کا شکنجہ سخت ہوتے ہی اپوزیشن کو اپنی لوٹ مار کی فکر ہے،دنیا نے حکومت پالیسی کی تعریف کی لیکن اپوزیشن نے حکومت کی کورونا سے متعلق پالیسیز پر بھی تنقید کی،اپوزیشن اپنی لوٹ مار کو جمہوریت کے پیچھے چھپانے کی کوشش کررہی ہے۔