شام ، گیس پائپ لائن پھٹنے سے ملک بھر کی بجلی بند

276
شام: گیس پائپ لائن میں دھماکے کے بعد شعلے بلند ہو رہے ہیں‘ فائربریگیڈ آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہا ہے

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) جنگ زدہ عرب ملک شام میں مرکزی گیس پائپ لائن پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی اور ہر طرف اندھیرا چھا گیا۔ اسد حکومت کے خبر رساں ادارے ایس اے این اے کے مطابق وزیر توانائی محمد زہیر خربوطلی نت بتایا کہ دمشق میں مرکزی گیس پائپ لائن کے پھٹنے کے باعث ملک بھر میں بجلی بند ہے۔ وزارتِ معدنیات کا کہنا ہے کہ عدرا ا ور ضمیر کے درمیان گیس پائپ لائن میں دھماکا دہشت گردی کی کارروائی کا شاخسانہ ہے۔ تاہم انہوں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ وزیرِ توانائی نے کہا ہے کہ بعض پاور اسٹیشن آپس میں منسلک ہیں، جو بجلی کی ترسیل کا اہم ذریعہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے باعث بجلی کے کارخانوں کو گیس کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے۔ وزیر توانائی کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کی بحالی کے سلسلے میں محکمے کام کر رہے ہیں اور جلد بجلی کی ترسیل شروع ہو جائے گی۔ شام میں توانائی کی تنصیب پر اتوار کی شب ہونے والا حملہ حالیہ برسوں کے دوران سب سے بڑا دھماکا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل اسد حکومت نے جنوری میں کہا تھا کہ بحیرۂ روم سے آنے والی پائپ لائن کو دھماکے سے اڑایا گیا ہے، تاہم اس کے باعث بجلی کی ترسیل کا نظام متاثر نہیں ہوا تھا۔ خیال رہے کہ مشرقِ وسطیٰ کا یہ ملک 2011ء سے خانہ جنگی کا شکار ہے، جہاں تقریباً 5 لاکھ افراد مارے جاچکے ہیں، جب کہ سوا کروڑ لوگ اندرون اور بیرونِ ملک بے گھر ہیں۔