اپوزشین کے بہت سے لوگ نا اہل ہوں گے،شیخ رشید

232
اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد پریس کانفرنس کررہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی)اپوزیشن کے بہت سارے لوگ نا اہل ہوں گے۔شیخ رشید کا انکشاف۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایم ایل ون منصوبہ بہت اہم سنگ میل ہے، انگریز دور کے بعد وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ریلوے کو نئی زندگی مل رہی ہے۔ جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ مین لائن ون منصوبے سے ریلوے نئے دور میں داخل ہوگا۔ چار ماہ میں کراچی سرکلر ریلوے کا ٹریک بچھا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنی آئینی مدت پوری کریں گے۔اپوزیشن جماعتیں گروہ بندی کا شکار ہیں،ان کی خواہشوں پہ پانی پڑے گا اور ان کی خواہشیں خواہشیں ہی رہے گی۔ نیب زدہ لوگ باتیں کر رہے ہیں لیکن عمران خان کی حکومت میں ان کو این آر او نہیں ملے گا۔ نیب دونوںاطراف کارروائی کرے گا۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا کیس بہت سنجیدہ ہے۔مریم نواز نے مایوسی کی حالت میں پتھرائو کا راستہ اختیار کیا۔مریم نواز شریف کی وجہ سے نواز شریف کے حالات خراب ہوئے،اب وہ مسلم لیگ کے حالات بھی خراب کر رہی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان ملک کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے بہت سے لوگ نااہل ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ جمہوری حکومت اور پاک فوج ایک لائن و لینتھ پہ ہیں اور دونوں اکٹھے چل رہے ہیں اورملک کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں۔ حکومت کو کورونا وائرس کی وبا جیسے چیلنجز کا سامنا تھا۔ اس کے باوجود معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے اور حکومت کا تیسرا سال مثالی سال ہوگا۔ چینی اور آٹے کا مسئلہ حل کریں گے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ سعودی عرب سے ہمارا ایک تعلق ہے اور چین نے بھی ہر معاملے میں پاکستان کاساتھ دیا ہے۔پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند ہے۔