پی ٹی آئی کے دو سال مایوس اور رسوائی کا شاہکار ہیں،لیاقت بلوچ

371
کوئٹہ: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ پریس کانفرنس کررہے ہیں

لاہور( نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے دو سال ناکامی ، مایوسی اور رسوائی کا شاہکار ہیں ۔ عوام کو تباہی کے سوا کچھ نہیں ملا ۔ پیداواری لاگت مسلسل بڑھنے سے اقتصادی پہیہ جام ہے ۔ مہنگائی ، بے روزگاری ، کساد بازاری ، افراط زر ناقابل برداشت ہے ۔ سود ، قرض ، کرپشن عذاب ہیں ، آٹا، چینی، گھی، تیل چور، عیش کر رہے ہیں اور عوام سے اربوں روپے لوٹ جارہے ہیں ۔ پی ٹی آئی حکومت نے ریاست مدینہ نظام کا نعرہ لگا کر دو قومی نظریہایف اے ٹی ایف کے سامنے سرنڈر کردیا ۔ قادیانی نوازی اور یکساں نظام تعلیم کی آڑ میں سیکولر نظام تعلیم مسلط ہورہاہے ۔ مساجد مدارس کے خلاف ناروا اقدامات کیے جارہے ہیں تعلیمی اداروں کی مسلسل بندش تعلیم دشمنی ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ اسرائیل صہیونی اور ناجائز ریاست ہے ۔ امریکی صدر ٹرمپ نے صدارتی انتخاب جیتنے کے لیے عرب امارات کا بازو مروڑ کر زبردستی ناجائز معاہدہ پر مجبور کیا ہے ۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کے تناظر میں فلسطین کی آزاد ریاست کے لیے مضبوط موقف اختیار کرے ۔ امریکی صیہونی دباﺅ پر اسرائیل کا تسلیم ہونا مسئلہ کشمیر اور عالم اسلام کے اتحاد کے لیے خوفناک نتائج مرتب کرے گا ۔ او آئی سی کا اجلاس بلا یا جائے اور ملت اسلامیہ کا ایک موقف بنایا جائے ۔ لیاقت بلو چ نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری بہت اہم اور حساس منصوبہ ہے ۔ پی ٹی آئی حکومت مسلسل ناکام خارجہ حکمت عملی سے چین ، ایران ، ترکی ، ملائیشیا اور سعودی عرب سے تعلقات خراب کر رہی ہے ۔ خطہ کے لیے بلاک کے امکانات کو ملائیشیا سربراہی کانفرنس سے فرار کی طرح نقصان پہنچایا جارہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ بلوچستان کی حساس پوزیشن کی وجہ سے امریکا و بھارت دہشتگردی اور فساد پھیلارہے ہیں ۔ بلوچستان میں ریاستی اداروں اور عوام میں بے اعتمادی کا بڑھتا فاصلہ خطرناک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک کی ترقی کے ثمرات کو گوادر ، گلگت بلتستان کو ترجیحاً اور پورے ملک میں انصاف کی بنیاد پر بنایا جائے ۔پریس کانفرنس میں مولانا ہدایت الرحمن ، ڈاٹر عطاءالرحمن ، زاہد اختر ، بشیر ماندائی اور مولانا عبدالکبیر شاکر بھی موجود تھے ۔