فلسطینیوں کو مسلم حکمرانوں سے کوئی امید نہیں،امیر العظیم

574
لاہور: تحفظ القدس ریلی سے جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم خطاب کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام لاہو رپریس کلب کے سامنے فلسطین کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کیلیے کیے گئے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا ہے کہ فلسطین کے بھائی اور بہنیں پاکستانی قوم کے شکر گزار ہیں۔ فلسطینی مسلمانوں کو عالم اسلام کے حکمرانوں سے کوئی امید نہیں۔ عالم اسلام کے حکمران بے غیرتی اور بے حسی کی چادر اوڑھ کر سوگئے ہیں۔ فلسطینیوں نے اپنی توقعات کا مرکزپاکستانی قوم کو بنایا ہے۔ قبلہ اول کی آزادی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔ قبلہ اول کی آزادی صرف فلسطین کا نہیں امت مسلمہ کا مسئلہ ہے‘ فلسطین امت مسلمہ کی شناخت ہے۔ امیر العظیم نے کہا کہ عرب امارات کے چند شیوخ سمجھ رہے ہیں کہوقت امریکا کے ساتھ ہے اس سے فائدہ اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل کشمیر اور فلسطین کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ دنیا کے معاملات امریکی اشاروں پر چلانے کے بجائے عدل اور انصاف کی بنیاد پر چلائے جائیں ورنہ دنیا اسی طرح جنگ کی آگ میں جلتی رہے گی اور دنیا میں کبھی امن نہیں ہوگا۔ مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکرا للہ مجاہد نے بھی خطاب کیا۔