قوم آج 74واں یوم آزادی جوش و جذبے سے منارہی ہے

143

اسلام آباد (اے پی پی) قوم 74 واں یوم آزادی آج اس عزم کے ساتھ منائے گی کہ بابائے قوم کے افکار اور مصور پاکستان کے خوابوں کی تعبیر پاکستان کو دنیا کے نقشے پر ایک باوقار اور قائدانہ کردار کا حامل عظیم سے عظیم تر ملک بنائیں گے،دن کا آغاز مساجد میں استحکام پاکستان اور ترقی و خوشحالی کی خصوصی دعائوں کے ساتھ کیا جائے گا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ،21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ملک بھر میں سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے،گھروں پر پاکستان کا سبز ہلالی قومی پرچم لہرائے گئے ہیں اور گلیوں اور بازاروں کو سجایا گیا ہے۔ پارلیمنٹ ہائوس میں خوبصورت برقی قمقموں نے ڈی چوک کی رونق بڑھا دی ہے۔ مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوگی جبکہ اہم حکومتی شخصیات پھولوں کی چادریں چڑھائیں گی۔ مختلف اداروں میں تقریبات میں ملی نغمے اور قیام پاکستان کی جدوجہد کے حوالے سے خصوصی روشنی ڈالی جائے گی۔اخبارات میں خصوصی ایڈیشن اور ٹیلی ویژن چینلز پر خصوصی نشریات ہوں گی۔ان دن کی مناسبت سے صدرمملکت، وزیراعظم اور اہم حکومتی و سیاسی قیادت کے خصوصی پیغامات جاری ہوں گے۔اس دن تحریک آزادی کشمیر کے روح رواں حریت رہنماسید علی شاہ گیلانی کو نشان پاکستان دیا جائے گا۔اس کے علاوہ بھی نمایاں خدمات پر عسکری اور مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کرنے والوں کو ایوارڈ دیئے جائیں گے۔