ن لیگی قیادت نے اداروں پر حملوں کی روایت دوہرائی، غلام سرور

113

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ مریم نواز طے شدہ منصوبے کے تحت نیب پیشی پر گئیں، ن لیگ ماضی میں بھی اداروں پر حملوں کی تاریخ رکھتی ہے اور لیگی قیادت نے روایت دوہرائی ہے، یہ تاثر غلط ہے کہ نیب صرف اپوزیشن کا احتساب کر رہا ہے، حکومتی ارکان کے خلاف بھی تحقیقات ہو رہی ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے سے مخلص نہیں ہیں اس لیے ان کی اے پی سی سے خوفزدہ نہیں ہیں اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، ن لیگ اور پی پی پی کے قائدین رنگے ہاتھوں ملک کو لوٹتے ہوئے پکڑے گئے ہیں، اب احتساب ہو رہا تو پھر شور کیسا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں بدنامی کے خطرے ہوتے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ اداروں پر حملے کیے جائیں، ن لیگ کو اداروں پر اعتماد ہونا چاہیے، اگر یہ لوگ بے گناہ ہوئے تو عدالت کے سامنے سرخرو ہوں گے۔ غلام سرور نے کہا کہ نیب نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو طلب کیا ہے تو بعض لوگ یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کوئی تبدیلی ہونے والی ہے لیکن مجھے مستقبل قریب میں پنجاب میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آ رہی۔