پاکستان کو 2010 میں بھی3ٹیسٹ میچوں میں شکست ہوئی تھی

193

سید پرویز قیصر
پاکستان نے2010 میں انگلینڈ کا دورہ کیا تھا تو اسے پچھلے دورے کی طرح3 ٹیسٹ میچوں میںشکست ہوئی تھی مگر اس مرتبہ وہ ایک ٹیسٹ جیتنے میں بھی کامیاب رہی تھی۔ اس مرتبہ پاکستان کی قیادت سلمان بٹ نے کی تھی جبکہ انڈریو اسٹرمیزبان ٹیم کے کپتان تھے۔
ناٹنگھم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے104.1 اوور میں354 رنز بنائے تھے۔ ایون مورگن نے 285 منٹ میں 216 گیندوں پر19 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 130رنز بنائے تھے جبکہ محمد آصف77 رنز دیکر 5 وکٹ لینے میں کامیاب رہے تھے۔پاکستان کی ٹیم پہلی اننگ میں 54 اوور182رنز بناکر آئوٹ ہو گئی تھی۔ جیمس اینڈر سن نے54 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگ 75.3 اوور میں9 وکٹ پر262 رنز بناکر ڈکلیر کی تھی۔ میٹ پرائر نے203 منٹ میں 136 گیندوں پر 7 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر 102 رنز بنائے تھے۔پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے435 رنز کا ٹارگیٹ ملا تھا لیکن ٹیم29 اوور میں80 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی جسکی بدولت انگلینڈ نے بڑے مارجن سے354 رنز سے کامیابی حاصل کی ۔ جیمس اینڈر سن نے 15 اوور میں17 رنز دیکر6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
برمنگھم میں ہوئے دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے 9 وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی۔ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان پہلی اننگ میں 39.3 اوور میں72 رنز بناکر آئوٹ ہو گیا تھا۔ جیمس اینڈر سن نے20 اور اسٹیورٹ برود نے38 رنز دیکر4,4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ انگلینڈ نے پہلی اننگ میں83.1 اوور میں251 رنز بنائے سعید اجمل نے82 رنز دیکر 5وکٹ حاصل کیں۔پاکستان نے دوسری اننگ میں 117.5 اوور میں296 رنز بنائے گریم سوان نے65 رنز دیکر 6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ انگلینڈ کو جیت کے لئے118 رنز بنانے تھے۔ اس نے36.3 اوورمیں ایک وکٹ پر ایسا کرکے جیت اپنے نام کرلی تھی۔
تیسرے ٹیسٹ میچ میں جو اوول میں کھیلا گیا،پاکستان نے 4 وکٹ سے جیت درج کی۔ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے انگلینڈ نے پہلی اننگ میں 62.3 اوور میں233 رنز بنائے تھے۔ میٹ پرائر نے آئوٹ ہوئے بغیر 84 رنز بنائے تھے جبکے وہاب ریاض نے63 رنز دیکر5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ پاکستان نے پہلی اننگ میں100.2 اوور میں308 رنز بنائے تھے۔ اظہر علی نے آئوٹ ہوئے بغیر92 رنز کی شاندار اننگ کھیلی تھی۔الیسٹر کک نے دوسری اننگ میں سنچری اسکور کی اور 110رنز بنائے مگر انگلینڈ 77 اوور میں222رنز بناکر آئوٹ ہو گیا۔پاکستان کو جیت کے لئے 148رنز درکار تھے جو اس نے41.4 اوور میں6 وکٹ پر بناکر میچ میں جیت اپنے نام کی۔
لارڈز میں چوتھے اور آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ نے ایک اننگ اور 225 رنز سے جیت حاصل کی۔ ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے میزبان ٹیم نے 139.2 اوور میں446 رنز بنائے ۔ پاکستان نے پہلی اننگ میں33 اوور میں74 رنز بنائے تھے جسکی وجہ سے اسے فالوآن پر مجبور ہونا پڑا۔ فالوآن کے بعد ٹیم36.5 اوور میں147 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔