حیدرعلی کی ٹیسٹ سائیڈ میں شمولیت کا وقت آگیا ،راشد لطیف

233

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سابق قومی کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ حیدرعلی کی ٹیسٹ سائیڈ میں شمولیت کا وقت آگیا جن کو اب بھی نہیں آزمایا گیا تو کیریئر کا ایک سال ضائع ہو جائے گا۔گفتگو کے دوران راشد لطیف کا کہنا تھا کہ مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی ناکامی کے بعد باقی 2 ٹیسٹ میچوں میں حیدرعلی کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنانے کا وقت آچکا ہے لہٰذا پاکستانی ٹیم انتظامیہ کو اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔راشد لطیف کا اصرار ہے کہ حیدرعلی کی پاکستانی لائن اپ میں شمولیت کا یہی سب سے درست وقت ہے کیونکہ ان کی موجودہ بیٹنگ لائن میں کمی محسوس ہو رہی ہے اور اگر وہ اس سیریز میں نہیں کھیل سکے تو اس طرح ان کے کیریئر کا ایک بہترین سال ضائع کردیا جائے گا۔سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ اگر حیدرعلی کی ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے اسد شفیق اور اظہرعلی کی ریٹائرمنٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے تو ایسا کرنے میں کافی تاخیر ہو جائے گی کیونکہ دائیں ہاتھ کے نوجوان بیٹسمین میں تینوں فارمیٹس کی کرکٹ کھیلنے کی اہلیت موجود ہے جو صرف محدود اوورز کی کرکٹ کا پلیئر ہرگز نہیں ہے۔