صہیونی فوج نے مکان مسمار کر دیا‘ چھاپوں میں کئی فلسطینی گرفتار

380
مغربی کنارا: مسمار کیے گئے گھر کے مکین ملبے سے سامان نکال رہے ہیں‘ خاتون اور بچہ افسردہ ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے پیر کی صبح مقبوضہ بیت المقدس کے جنوب میں واقع خربہ بیت سکریہ شہر میں ایک فلسطینی مکان کومسمار کردیا۔ مقامی عہدے دار حسن برجیہ نے بتایا کہ قابض اہل کاروں نے بیت سکریہ میں نعمان سعد کے مکان کو منہدم کر دیا اور ہمیشہ کی طرح دعویٰ کیا کہ مکان غیر قانونی تھا۔ برجیہ نے قابض اسرائیلی حکام پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ فلسطینی شہریوں اور اس علاقے میں ان کی املاک کے خلاف اپنی کارروائیوں میں تیزی لا رہے ہیں تاکہ وہ یہود کی آباد کاری اور توسیع کے مزید منصوبوں کو مکمل کر سکیں اور مقامی باشندوں کو علاقہ چھوڑ کر جانے پر مجبور کر سکیں۔ علاوہ ازیں صہیونی حکام نے الطیرہ میں ایک فلسطینی شہری سے اس کا مکان زبردستی مسمار کرا دیا۔ مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ صہیونی پولیس نے ساری مصاروہ کو ایک نوٹس جاری کیا تھا جس میں اسے کہا گیا تھا کہ وہ اپنا مکان اپنے ہاتھوں مسمار کرے ورنہ اسے مکان مسماری کے عوض صہیونی حکام کو 3 لاکھ 40 ہزار شیکل کی رقم ادا کرنا ہوگی۔ دریں اثنا قابض صہیونی فوجیوں نے مغربی کنارے میں گھروں پر چھاپوں کے دوران بزرگ سمیت کئی فلسطینی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے نصف شب کے بعد جنوبی الخلیل میں یطا شہر کے قریب ام الخیر کے بدوی گاؤں پر ہلہ بولا اور 70 سالہ ایک شہری کو اس کے گھر سے حراست میں لے لیا۔ جنین میں اسرائیلی فوجیوں نے عرابہ قصبے میں ایک نوجوان کواس کے گھر میں توڑ پھوڑ کے بعد گرفتار کر لیا جسکی شناخت محمد للوح کے نام سے ہوئی۔ نابلس شہر کے المخفیہ علاقے میں کارکنوں کے بھیس میں خفیہ ایجنٹوں کے ذریعے ایک اور شخص کو اس کے گھر سے اغوا کرلیا گیا۔