پی آئی اے کا یومِ آزادی پر کرایوں میں 14 فی صد رعایت کا اعلان

1056

کراچی(اسٹاف رپورٹر): پاکستان ایئر لائنز (پی آئی اے) نے یومِ آزادی کے موقع پر کرایوں میں 14 فی صد رعایت کا اعلان کر دیا ہے۔ملتان،سکھر، گوادر سے فلائٹ آپریشن بھی بحال کر دیا گیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق 14 اگست جشن آزادی پیکج کے طور پر کراچی، اسلام آباد اور لاہور کے درمیان کرائے میں 14 فی صد رعایت ہو گی۔اس کے علاوہ سامان کی مد میں بھی غیر معمولی رعایت کا اعلان کیا گیا ہے۔

یوم آزادی کے پیکج میں مسافر73 کلو سامان اپنے ساتھ مفت لے جا سکیں گے۔ پی آئی اے کے جشن آزادی پیکج 7 اگست سے 14 اگست 2020 تک لاگو رہے گا۔

پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جشن آزادی پیکج کا مقصد اس تاریخی دن پر لوگوں میں خوشیاں بانٹنا ہے۔اس عظیم دن پی آئی اے قوم سے عہد کرنا چاہتی ہے کہ ہر مشکل وقت میں ہم اپنی قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

علاوہ ازیں پی آئی اے نے ملتان، سکھر، گوادر سے یوم ازادی کے موقع پر فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا بھی اعلان کر دیاہے۔13 اگست سے ملتان، سکھر اور گوادر کو پروازوں کے ذریعے ملک کے دیگر شہروں سے منسلک کردیا جائے گا۔