مون سون بارشیں: وزیراعلیٰ سندھ نے وزرا کو نئی ذمہ داریاں سونپ دیں

456

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مون سون بارشوں کے پیش نظر احکامات جاری کرتے ہوئے صوبائی وزرا اور منتخب نمائندوں کو 9 اگست تک اپنے اضلاع میں رہنے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ بارشوں کے پیش نظر تمام ارکان اپنے علاقوں میں رہیں، محکمہ موسمیات کی جانب سے آج سندھ میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مراد علی شاہ نے صوبائی وزرا کو نئی ذمہ داریاں سونپتے ہوئے وزیر بلدیات ناصر علی شاہ کو رین ایمرجنسی کے انچارج مقرر کردیا جب کہ ضلع شرقی میں سعید غنی، ضلع غربی میں راشد ربانی، ضلع جنوبی میں مرتضیٰ وہاب، ضلع وسطی میں شہلا رضا کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ مکیش چاولہ کورنگی اور وقار مہدی ملیر میں ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ لوگوں سے بارشوں کے دوران گھروں میں رہنے کی اپیل ہے، واٹر بورڈ کو ڈی واٹرنگ مشینوں کی تنصیب کی ہدایات جاری کی ہیں۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ ڈی ایم سیز کے چئیرمینز ضلعی انتظامیہ اور مجھ سے رابطے میں ہیں، تمام اضلاع کی حدود میں مستقل طور پر رین ایمرجنسی نافذ ہے، نالوں کی صفائی این ڈی ایم اے اور سندھ حکومت مشترکہ طور پر سر انجام دے رہے ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بارشوں کے نئے سلسلے کے حوالے سے حکومت سندھ مکمل تیار ہے۔