سانحہ اے پی ایس کے ذمے داروں کو نہیں چھوڑیں گے‘ عدالت عظمیٰ

241

اسلام آباد (آن لائن) سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کیس میں عدالت عظمیٰ نے پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس ابراہیم کی سربراہی میں قائم کمیشن کی رپورٹ اٹارنی جنرل کو فراہم کرنے جبکہ اٹارنی جنرل کو آئندہ سماعت پر کمیشن رپورٹ پر جواب جمع کرانے کا حکم جاری کر دیا ہے۔کیسکی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔ شہدا بچوں کے والدین نے موقف اپنایا کہ ہمیں کمیشن رپورٹ کی کاپی فراہم کی جائے ‘ ہم انصاف کے متلاشی ہیں۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے اس موقع پر ریمارکس دیے کہ ہمیں آپ سے بے حد ہمدردی ہے جو آپ کے ساتھ ہوا ایسا ہرگز نہیں ہونا چاہیے تھا‘ رپورٹ ابھی ہم نے نہیں پڑھی اور حکومت کا جواب آئے گا تو دیکھ لیں گے‘ قانون اور آئین کے مطابق جو ہوگا وہی کریں گے‘ یہاں قانون کی حکمرانی ہے جس کی کوتاہی ہے اسے قانون کے مطابق دیکھیں گے‘ ہم نے کسی بھی ذمے دار کو نہیں چھوڑنا ہے‘ہم نے کمیشن بنایا ہے ہم ہی اسے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ جسٹس اعجازالاحسن نے شہداء کے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ انکوائری رپورٹ خفیہ ہے ابھی آپ کو نہیں دے سکتے‘ 6 والیم پر مشتمل رپورٹ ہے‘ پہلے عدالت دیکھے گی پھر بتائیں گے جو رپورٹ آئی اس پر فیصلہ عدالت نے ہی کرنا ہے۔