احتجاج کے خوف سے مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کردیا

392

سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر کی نیم خودمختاری کے خاتمے کی پہلی برسی پر بھارتی حکومت نے مقبوضہ وادی میں سخت کرفیو نافذ کردیا۔

بھارتی حکام کے مطابق مقبوضہ آج سے جموں و کشمیر کے تمام اضلاع میں کرفیو نافذ کردیا جائے گا جب کہ کرفیو 5 اگست تک نافذ العمل ہوگا۔

مقبوضہ کشمیر کی بھارتی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 5 اگست کو بڑے پیمانے پر اجتماعات منعقد ہونے کا خدشہ ہے جس سے کورونا وائرس مزید پھیل سکتا ہے۔ کرفیو نافذ کرنے کی وجہ لوگوں کو اجتماعات سے ڈور رکھنا ہے۔

واضح رہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارتی پارلیمنٹ سے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو ختم کرکے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی۔

پاکستان کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کو ایک سال مکمل پر یومِ سیاہ کے طور پر منائے گا جب کہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کے عوام کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔

مقبوضہ وادی میں بھی بڑے پیمانے پر مظاہرے اور احتجاجی جلسے ہوں گے جس کے تناظر میں بھارتی حکومت نے پہلے سے ہی کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔