آیا صوفیہ میں 86سال بعد عیدالاضحیٰ کی نماز ادا

597

استنبول میں تاریخی مسجد آیا صوفیہ میں 86 سال بعد آج پہلی بار عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی گئی۔

ترک میڈیا کے مطابق ملک میں عیدالاضحیٰ کا سب سے بڑا اجتماع  آیا صوفیہ میں ہوا جس میں ہزاروں افراد نے باجماعت نماز ادا کی۔

 

کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر سماجی فاصلے کو برقرار رکھتے ہوئے نمازیوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کیں۔مذہبی امور کے سربراہ علی ارباس کی امامت میں ہزاروں افراد نے نماز عید ادا کی۔

 پارلیمنٹ کے اسپیکر، وزرا، اعلیٰ حکام ، ڈسٹرکٹ میئراور اہم شخصیات  نے بھی آیا صوفیہ میں نماز ادا کی۔نمازیوں کی بڑی تعداد کے باعث مسجد کے احاطے، صحن اور منسلک سڑکوں پر  بھی صفیں  بنائی گئی تھیں۔

اس روح پرور اجتماع میں امت مسلمہ ، ملک کی سلامتی اور اسلام کی سربلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

24جولائی کو آیا صوفیا مسجد میں آٹھ دہائیوں بعد مسجد میں نماز جمعہ ادا کی گئی تھی۔نماز جمعہ میں ترک صدر، وزرا، اعلیٰ شخصیات اور ارکان پارلیمنٹ نے بھی شرکت کی۔

آیا صوفیہ میں نماز کی ادائیگی کیلئے ہزاروں افراد صبح  سے ہی آیا صوفیا کے اطراف میں جمع ہونا شروع ہوگئے تھے۔اس موقع پر ترک صدر طیب اردوان نے تلاوت قرآن پاک بھی کی۔