اہم ڈومیسٹک کرکٹ ایونٹ کے تمام میچز کراچی میں ہونگے

721

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے موسم اور کورونا کو مدنظر رکھتے ہوئے قائد اعظم ٹرافی کے فرسٹ کلاس میچز کراچی کے چار گراؤنڈز میں کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑا ایونٹ قائد اعظم ٹرافی کیلیے کراچی کے چار گراؤنڈز کا انتخاب کیا گیا ہے ان میں یو بی ایل کمپلیکس ، نیشنل بینک کمپلیکس، اسٹیٹ بینک گراؤنڈ  اور نیشنل اسٹیڈیم میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

آئی سی سی کے نئے قوانین کے تحت پاکستان میں بھی باؤلرز کو گیند پر تھوک لگانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ باؤلرز اپنے سوئٹرز ، چشمے ، کیپ سمیت دیگر چیزیں امپائر کو دینے کے بجائے باؤنڈری لائن پر رکھیں گے۔

کھلاڑیوں کو میچوں کے دوران  وکٹ لینے کے بعد خوشی کے موقع پر بھی آئی سی سی کے پروٹوکول کو اپنانے کے پابند ہونگے جبکہ کھلاڑیوں کے ساتھ صحافیوں پر بھی ایس او پیز پر پابندی لازمی ہوگی، قبل ازیں گزشتہ سیزن  کورونا وائرس کے باعث ممکن نہیں ہوسکا تھا۔

دوسری جانب ٹی 20 ایونٹ ملتان اور فیصل آباد میں کرانے کی تجویز زیر غور ہے۔

نجی ٹی وی کی ویب سائٹ نے دعویٰ کیاہے کہ گزشتہ اتوار ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالے سے ندیم خان کی سربراہی میں  میٹنگ ہوئی ، کورونا وائرس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو ہوٹل میں بائیو سیکیور ماحول فراہم کیا جائے گا  جبکہ گراؤنڈ ، ہوٹل اور بسوں میں بھی کورونا بچاؤ کے انتظامات ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکتوبر کے دوسرے ہفتے تک ملک میں حالات بہتر ہوجائیں گے  جبکہ تاحال کرکٹ بورڈ کو ڈومیسٹک ٹونامنٹ کیلیے کوئی اسپانسر نہیں مل سکا ہے۔

پی سی بی کھلاڑیوں کے بھاری  اخراجات خود ہی ادا کرے گا جبکہ کلب کرکٹ کے آئین  پر عمل درآمد ہونا اب بھی باقی ہے۔