مسئلہ کشمیر کو تمام عالمی فورمز پر اٹھائیں گے‘ شبلی فراز

157
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز ’’کشمیر محاصرے میں ہے‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطا ب کررہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مودی سرکار بتائے کہ نہتے کشمیروں پر ظلم، جارحیت، جبری گمشدگیاں، خواتین کی عصمت دری، خواتین،بچوں اور بزرگوں کو پیلٹ گنوں کے ذریعے نابینا بنانا کیسی جمہوریت ہے، ہم مسئلہ کشمیر کو تمام عالمی فورمز پراٹھائیں گے، پاکستان حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی، اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وزارت اطلاعات و نشریات کے تحت سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے
کیا۔سیمینار میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی، صدر آزاد و جموں کشمیر سردار مسعود خان، سینیٹر ولید خالد، قائداعظم یونیورسٹی کے ڈاکٹر راجا قیصر، پروفیسر منور حسین سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کشمیری مسلمان 7دہائیوں سے محکومیت کا شکار ہیں، موجودہ بھارتی حکومت نے5 اگست 2019ء کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک اور جارحیت کرتے ہوئے انسانیت کی تمام حدیں عبورکردیں۔ گزشتہ70 سال سے بھارت غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر پر قابض ہے، بھارتی مظالم اورمودی حکومت کی کشمیر میں نسل کشی کی کارروائیاں انتہا پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت پر ڈاکا ڈال کر بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کرکے تمام سابق حکومتوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔