لیاقت بلوچ کی زیر صدارت اجلاس، گلگت بلتستان میں ملی یکجہتی کونسل قائم

395
  نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ یوم سیاہ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

گلگت( نمائندہ خصوصی) گلگت بلتستان میں ملی یکجہتی کونسل کا قیام عمل میں آگیا ہے ۔تاسیسی اجلاس میں 16مذہبی جماعتوں کے قائدین اور نمائندوں نے شرکت کی۔تاسیسی اجلاس کی صدارت ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ عالمی برادری اور عالم اسلام کی بے حسی اور جانبداری بھی المیہ ہے لیکن حکومت پاکستان نے 5اگست کے بعد مسئلہ کشمیر کے حل اور بھارتی مظالم کے خلاف تقریر ،ٹوئٹ اور بے جان احتجاج کے سوا کچھ نہیں
کیا۔ابھی تک متفقہ قومی کشمیر پالیسی نہیں بنائی جاسکی ۔عمران خان نے پوری پاکستانی قوم اور کشمیریوں کو مایوس کیا ہے ۔ جماعت اسلامی 5اگست کو کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ اور یوم احتجاج منائے گی۔اسلام آبا دمیں بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا جس سے قومی قیادت ،سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین اور کشمیری رہنما خطاب کریں گے ۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ 5اگست کا یوم سیاہ حکومت کو مجبور کردے گاکہ بھارتی جارحیت اور فاشسٹ اقدامات کے خلاف حکمت عملی اور جہاد فی سبیل اللہ کا راستہ اختیار کرے ۔لیاقت بلوچ نے مقامی ہوٹل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام کو بنیادی انسانی حقوق ،تعلیم صحت اور روز گار کی سہولتیں فراہم کی جائیںاور یہ ہدف رہے کہ مقدمہ کشمیر کو نقصان نہ پہنچے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کا آغاز گلگت اور اختتام گوادر میں ہورہا ہے ،ان دونوں علاقوں کے رہنے والوںکو سی پیک کے ثمرات ملنے چاہئیںاور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں گلگت بلتستان کے عوام کا پہلا حق ہونا چاہیے تاکہ یہ علاقے بھی ترقی کی دوڑ میں دوسرے شہروں کی طرح آگے بڑھ سکیں اور ان کی محرومیاںبھی ختم ہوسکیں۔
لیاقت بلوچ