بھارتی ذرائع ابلاغ فسطائیت کے قبضے میں ہیں‘ راہول گاندھی

282

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں حزب اختلاف کانگریس پارٹی کے رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ میڈیا فسطائی طاقتوں کے قبضے میں ہے اور اپنی جھوٹی رپورٹنگ سے جمہوری اقدارکی دھجیاں اڑانے پر تلا ہوا ہے۔ کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے بھارتی میڈیا پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو اس وقت جن چیلنجز کا سامنا ہے اس سے متعلق عوام کو آگاہ رکھنے اور حقائق اجاگر کرنے کے لیے وہ اپنی ایک وڈیو سیریز شروع کریں گے۔چند برسوں سے بھارت کے بیشتر ٹی وی چینل اور اخبار انتہاپسند حکمراں جماعت بی جے پی کی ہاں میں ہاں ملانے میں سبقت لے جانے کی کوشش کررہے ہیں۔ میڈیا صبح سے شام تک حکومت سے سنجیدہ سوال پوچھنے کے بجائے مودی سرکار کی خوشنودی میں لگے رہتے ہیں۔ خاص طور پر لداخ میں چین کے ساتھ کشیدگی کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے صرف حکومت کا موقف نشر کیا اور اپوزیشن کی باتوں کو دبا دیا گیا۔ انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھاکہ میں حالات حاضرہ، تاریخ اور بحران کو واضح کرنے کے لیے اپنے خیالات وڈیو کے ذریعے شیئر کروں گا۔ مسٹر مودی کو لگتا ہے کہ دنیا انہی کے جیسی ہے اور ہر شخص کی ایک قیمت ہے یا پھر اسے ڈرایا جا سکتا ہے۔ میڈیا کا ایک حصہ مودی کو کاربیٹ پارک میں چہل قدمی کرتے ہوئے یا پھر کسی خلائی مشن پر بات کرتے ہوئے دکھاتا ہے، لیکن یہ نہیں بتایا جاتا کہ چاند پر ایک راکٹ بھیجنے سے جوانوں کا پیٹ تو نہیں بھرے گا۔