برطانوی مسافر طیارے میں بم کی اطلاع

398

برطانیہ میں مسافروں سے بھرے طیارےکو بم کی اطلاع پر  لندن کے ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑ گئی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق رائن ایئرلائن کی پرواز ایف آر 1902 کو لندن کے اسٹین سٹیڈ ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کروائی گئی ہے۔

پرواز کراکو سے آئرلینڈ کے شہر ڈبلن جارہی تھی کہ دوران پرواز طیارے کے ٹوائلٹ سے ایک تحریر لکھی ہوئی ملی جس میں کہا گیا کہ بیت الخلا میں دھماکا خیز مواد موجود ہے۔

اطلاع ملنے پر کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا اور صورتحال سے آگاہ کیا جس پر طیارے کو فوری طور پر اسٹین سٹیڈ کی جانب موڑ کر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دی گئی۔

لینڈنگ سے قبل ایئرپورٹ پر تمام ہنگامی انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے جب کہ دو لڑاکا طیاروں سے فضا میں مسافر طیارے کو گھیرے میں لے لیا۔

کپتان نے طیارے کو بحفاظت لینڈکروادیا جس کے بعد ہنگامی درواز کھول کر مسافروں کو فوری طور پر انخلا کروایا گیا، تفتیشی ٹیموں نے طیارے کی سرچنگ کی  تاہم تلاشی کے دوران کوئی دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔

حکام کا کہنا ہے کہ تمام مسافروں سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے اور ابتدائی تفتیش کے لیے انہیں ایئرپورٹ پر روکا گیا ہے جس بعد دوسری پرواز کے ذریعے انہیں منزل تک پہنچایا جائے گا۔