شہدا کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھیں گے‘رشید ترابی

260

باغ(آن لائن)کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی لاکھوں شہدا کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھے گی ،نریندرمودی کا مکروہ اور فسطائی چہرہ پوری دنیا میں بے نقاب ہو چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہبھارت کے پڑوسی ممالک مودی کی پالیسیوں سے نالاں ہو کر ان سے الگ ہو رہے ہیں، بھارت سارک میں تنہا ہو چکا ہے ،بھارت کے اندر کوئی بھی اقلیت مود ی جارحیت سے محفوظ نہیں ہے ،انسانی حقوق کے ادارے ،اقوام متحدہ اور او آئی سی کشمیریوں کے مبنی برحق موقف کی حمایت کررہے
ہیں ،حکومت پاکستان ان موافق حالات سے استفادہ کرتے ہوئے جارحانہ خارجہ پالیسی مرتب کرے، شہدا کا مقدس لہو رنگ لائے گا اور کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے، پوری قوم بھارت کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے، ایسے میں بیس کیمپ کا مزید موثر رول آزادی کی منزل کو حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو اپنا مقدمہ عالمی سطح پر پیش کرنا چاہیے تا کہ دنیا کو باور کرایا جائے کہ بھارت قبضے کو دوام بخشنے کے لیے کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے ،مودی کے اقدامات پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ اور تباہی کا باعث بن رہے ہیں، عالمی برادری مودی کے ہاتھ روکے تا کہ دنیا کے امن کو تباہی سے بچایا جائے اور کشمیریوں کو آزادکرایا جائے ۔