پی ٹی آئی اور پی پی اپنے مقاصد کے لیے جے آئی ٹی کو استعمال کررہی ہے، حبیب جان

570

ملزم عزیر بلوچ کےقریبی ساتھی حبیب جان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اورپیپلز پارٹی اپنے مقاصد کے لیے جے آئی ٹی کو استعمال کررہی ہے، میں اور پورا لیاری آج بھی عمران خان کے ساتھ ہے، اگر وہ یوٹرن لینا چھوڑ دیں۔

نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے حبیب جان نے کہاکہ عزیر بلوچ کی مدد کے بغیر عمران خان اور افتخار چودھری کا کراچی آنا اور جلسہ کرنا ممکن نہیں تھا،فیصل واوڈا اور علی زیدی عزیر بلوچ کی مدد کے بغیر کراچی میں جلسہ نہیں کرسکتے تھے،غوث علی شاہ نے بھی خفیہ مدد طلب کی تھی،غوث علی شاہ کی مدد کی درخواست کو خفیہ شق کے تحت مسترد کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 2011میں عمران خان نے ذوالفقار مرزا سے فون پر رابطہ کیا تھا، اس وقت دونوں لندن میں تھے،فون پر بات چیت ہونے کے بعد طے ہوا تھا کہ ہم تحریک انصاف کی حمایت کریں گے،عزیر بلوچ نے 25سے 30گاڑیاں تحریک انصاف کے کراچی میں جلسے کے لیے بھیجی تھیں، لاڑکانہ میں بھی پی ٹی آئی کے جلسے میں لوگوں کو بھیجا تھا۔

حبیب جان کا کہنا تھا کہ میں تحریک انصاف میں تھا ،آج بھی خود کو اسی جماعت کا فرد سمجھتا ہوں،عمران خان کی حمایت کرپشن کے خلاف ایجنڈے اور آصف زرداری کی نفرت میں کی تھی، پیپلز پارٹی اور عزیر بلوچ نے ایک دوسرے کی مدد کی،فریال تالپور ، سعید غنی اور شرمیلا فاروقی نے مجھے ہٹاکر عزیر بلوچ کے ساتھ معاملات طے کیے۔

انہوں نے کہاکہ نعیم الحق کراچی میں تحریک انصاف اور عزیر بلوچ کے درمیان رابطے کا ذریعہ تھے، پی ٹی آئی کے ساتھ عزیر بلوچ کے تعلقات بہت آگے تک جاچکے تھے،علی زیدی اور نعیم الحق کے ساتھ تصاویر رواداری کے سبب ریلیز نہیں کررہا۔