امارات ائرلائن نے مزید 9 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا عندیہ دے دیا

190

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اماراتی ائرلائن نے مزید 9 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا عندیہ دے دیا۔ واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی فضائی کمپنی پہلے ہی اپنی مجموعی افرادی قوت میں سے 10 فیصد ملازمین کو فارغ کرچکی ہے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مزید 9 ہزار ملازمین کو رخصت کرنے کا مطلب ہوا کہ فضائی کمپنی مجموعی طور پر 15 فیصد ملازمین کو برطرف کردے گی۔خیال رہے کہ اماراتی فضائی کمپنی میں مجموعی طور پر 270 طیارے شامل ہیں اور عالمی سطح پر فلائٹ آپریشن معطل ہونے کی وجہ سے کمپنی نے مارچ میں اپنا آپریشن بھی روک دیا تھا۔حال ہی میں اماراتی فضائی کمپنی نے 157 شہروں میں سے 58 شہروں کے لیے محدود پیمانے پر فلائٹ آپریشن شروع کیا ہے۔اس ضمن میں فضائی کمپنی کے صدر ٹم کلارک نے کہا کہ اس سے قبل کمپنی کو محدود پیمانے پر فعال ہونے میں 4 برس لگ گئے تھے۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے معاشی بحران سے قبل اماراتی کمپنی نے تقریباً 60 ہزار عملے کو ملازمت پر رکھا تھا جن میں 4 ہزار 300 پائلٹ اور 22 ہزار دیگر عملہ شامل تھا۔کلارک نے کہا کہ ائر لائن نے اپنے عملے کا دسواں حصہ پہلے ہی رخصت پر بھیج دیا تھا اور اب مزید کچھ لوگوں کو فارغ کرنا پڑے گا جو تقریباً 15 فیصد تک ہوسکتا ہے۔