نیپرا کے الیکٹرک سے متعلق عوامی سماعت میں حافظ نعیم کو کراچی کی نمائندگی سے روک دیا گیا

242

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کو کراچی میں بد ترین لوڈشیڈنگ کے حوالے سے نیپرا کی آن لائن سماعت میں شرکت نہیں کرنے دی گئی ‘ باقاعدہ درخواست و ای میل اور رجسٹرار آفس میں اس کی تصدیق کرنے اور بار بار فون پر رابطہ کرنے کے باوجود عوامی سماعت کے لیے زوم میٹنگ آئی ڈی اور پاس ورڈ نہیں دیا گیا ۔ جماعت اسلامی نے آن لائن عوامی سماعت میں حافظ نعیم الرحمن کو شر کت سے روکنے اور کراچی کے عوام کا مقدمہ پیش نہ کرنے دینے کی شدید مذمت کی اور اسے وفاقی حکومت اور نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کی کھلی سرپرستی اور پشت پناہی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کی حمایت اور سرپرستی کھل کر سامنے آگئی ہے ۔ جماعت اسلامی کراچی کے ترجمان کے مطابق نیپرا نے چند روز قبل کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ کے حوالے سے آن لائن عوامی سماعت کا اعلان کیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز سمیت عوام الناس کو شرکت کی دعوت دی گئی ۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیمالرحمن اور کے الیکٹرک کنزیومر فورم کی جانب سے باقاعدہ درخواست دی گئی اور ای میل کی گئی ۔ 10جولائی کو رجسٹرار آفس میں فون پر رابطہ کیا گیا اور تصدیق کی گئی کہ ہماری درخواست مل گئی ہے ۔ بتایا گیا کہ اس درخواست کو آگے فارورڈ کیا جا رہا ہے ۔ جماعت اسلامی کی طرف سے کہا گیا کہ اس وصولی کی تصدیق کے لیے ہمیں جوابی ای میل کر دی جائے مگر بار بار بار کہنے کے باوجود ایسا نہیں کیا گیا تاہم فون پر ای میل ملنے کی تصدیق کی گئی ۔ اگلے روز جمعہ 10جولائی کو صبح 10بجے سے رجسٹرار آفس میں مسلسل فون کیا جاتا رہا اور وہاں پر موجود متعلقہ ذمے داران سے زوم آئی ڈی اور پاس ورڈ طلب کیا گیا جہاں سے منصور صاحب نے بتایا کہ آپ کی درخواست خاور صاحب کو اس نوٹ کے ساتھ فارورڈ کر دی گئی ہے کہ ان کی سماعت میں شرکت کو یقینی بنایا جائے‘ مذکورہ دونوں ذمے داران سے باربار فون پر بات کر کے آئی ڈی اور پاس ورڈ مانگا گیا اور کہا گیا کہ اب تو سماعت شروع ہو گئی ہے اور ہم کراچی کے عوام کا مقدمہ اصل حقائق اور درست اعدادو شمار کے ساتھ پیش کرنا چاہتے ہیں‘ ہمیں آخر شرکت کیوں نہیں کرنے دی جا رہی اور ایسا کیوں کیا جا رہا ہے تو ہم سے کہا گیا کہ ہم وہی کر رہے ہیں جو ہمیں اُوپر سے احکامات دیے گئے ہیں ۔ جماعت اسلامی کے ترجمان کے مطابق اس طرح ہمیں آن لائن عوامی سماعت میں شرکت سے روک دیا گیا اور سماعت یکطرفہ منعقد ہو کر ختم ہو گئی‘ اس رویے اور طرزِ عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بوگس اور جعلی سماعت کر کے کے الیکٹرک کی حمایت اور سرپرستی کی گئی ۔