کرونا کے باعث بند انٹرنیشنل کرکٹ کے میدان 4 ماہ بعد کل دوبارہ آباد ہونگے

493

ساؤتھ ہیپمٹن: کورونا وباکے باعث 4 ماہ سے معطل انٹرنیشنل کرکٹ(کل) بدھ سے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیزکی ٹیسٹ سیریز سے بحال ہو رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ آٹھ جولائی سے ٹیسٹ کرکٹ چار ماہ بعد انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے پہلے ٹیسٹ سے بحال ہو رہی ہے،دونوں ٹیموں کے درمیان3 میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔

وبا کے باعث کرکٹ کے قوانین میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں،عارضی طور پر نیوٹرل امپائرز کا قانون معطل کر دیا گیا اور ایلیٹ پینل میں شامل مقامی امپائرز ہی سپروائز کریں گے۔

 گیند کو چمکانے کے لیے فاسٹ بولرز تھوک کا استعمال نہیں کرسکیں گے۔کووڈ19میں مبتلا کھلاڑی کومیچ کے دوران تبدیل کیاجا سکے گا اور میچ بائیو سیکیور ماحول میں تماشائیوں کے بغیر منعقد ہو گا۔

خیال رہے کہ وبا سے پہلے کرائسٹ چرچ میں آخری ٹیسٹ دو مارچ کو نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا،جو میزبان کیویز ٹیم نے سات وکٹوں سے جیت لیا۔ آخری ایک روزہ میچ 13 مارچ کوسڈنی میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوا،جس میں کینگروز نے 71 رنز سے فتح پائی جبکہ آخری ٹی ٹوئنٹی 11 مارچ کو ڈھاکا میں بنگلہ دیش اور زمبابوے کے درمیان ہوا، جو میزبان بنگلہ دیش نے جیتا۔