قومی کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹریکٹ دینے کیلیے آن لائن فزیکل فٹنس ٹیسٹ

177

اسلام آباد(جسارت نیوز)پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) نے قومی کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کیلئے ان کے آن لائن فزیکل فٹنس ٹیسٹ پیر کو شروع ہوگئے، کو چز کھلاڑیوں کے فزیکل فٹنس ٹیسٹ روزانہ 2 گھنٹے 4 سے 6 بجے لیے رہے ہیں، پی بی سی سی مختلف شہروں میں کھلاڑیوں ٹیسٹ مرحلہ وار لے گی اور کھلاڑیوں کے فزیکل فٹنس ٹیسٹ کا سلسلہ 15جولائی تک مکمل ہو جائے گا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سیّد سلطان شاہ نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے قومی کھلاڑیوں کو نیا سینٹرل کنٹریکٹ فزیکل فٹنس کی بنیاد پر دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کی وجہ سے پیر کو قومی بلائنڈ کھلاڑیوں کے فزیکل فٹنس ٹیسٹ شروع کئے گئے، روزانہ قومی کھلاڑیوں کے2 گھنٹے ٹیسٹ لے گی، ٹیسٹ میں پاس ہونے والے 17 قومی بلائنڈ کھلاڑیوں کو یکم جولائی سے دسمبر تک6 ماہ کیلئے سنٹرل کنٹریکٹ دیا جائے گا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے کرکٹ سیمت دیگر کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں جس کی وجہ سے پی بی سی سی نے 17 کھلاڑیوں کو یکم جولائی سے دسمبر تک 6 ماہ کیلئے فزیکل فٹنس کی بنیاد پر سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ دینے کیلئے 40 کھلاڑیوں کا فزیکل فٹنس ٹیسٹ 6 جولائی سے 15جولائی تک لیا جائے گا جس کے بعد ان میں سے 17 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ کیلئے منتحب کیا جائے گا، پی بی سی سی سنٹرل کنٹریکٹ میں منتحب ممکنہ 17 کھلاڑیوں کا اعلان 20 جولائی کو کرے گی۔ سیّد سلطان شاہ نے کہا کہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں میں اے کیٹگری میں 2 کھلاڑی، بی کیٹگری میں 4 جبکہ سی کیٹگری میں11 کھلاڑی شامل ہوں گے۔ تینوں کیٹگری کے کھلاڑیوں کو بالترتیب 15 ہزار، 12 ہزار اور 10 ہزار روپے ماہانہ معاوضہ دیا جائے گا۔ قومی کھلاڑیوں کا سنٹرل کنٹریکٹ جولائی سے دسمبر تک 6 ماہ کیلئے ہوگا۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایس او پیز کے تحت کھیلوں کی سرگرمیاں بالخصوص کرکٹ کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے 15مارچ سے تمام بلائنڈ کھلاڑی گھروں تک میں محدود ہو کر رہ گئے ہیں، اب پی بی سی سی کی ہدایت کے مطابق تمام 40 کھلاڑیوں کے کوچز اور دیگر سٹاف آن لائن فزیکل فٹنس ٹیسٹ لے رہے ہیں۔