ترک لیبیا دفاعی معاہدے کے بعد حفتر ملیشیا کی دھمکیاں

388

طرابلس (انٹرنیشنل ڈیسک) تُرکی اور لیبیا میں اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت کے درمیان دفاعی معاہدے پر باغی حفتر ملیشیا نے دھمکیاں دینا شروع کردیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق جمعہ کے روز تُرک وزیر دفاع اور چیف آف اسٹاف نے طرابلس حکومت کے ساتھ ایک دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے،جس پر باغیوں کی جانب سے سخت رد عمل سامنے آیا۔ باغیوں کے ترجمان بریگیڈیئر خالد محجوب کا کہنا تھا کہ طرابلس اور انقرہ کے معاہدے کی شرائط سے ظاہر ہوتا ہے کہ تُرکی لیبیا پر ایک نئی یلغار کر رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ حفتر ملیشیا تُرکی اور طرابلس حکومت کے خلاف کسی کارروائی سے گریز نہیں کرے گی۔ ترکی اور لیبی حکومت کے مابین ہونے والا معاہدہ مستقبل میں صرف معاشی فوائد کے لیے ہے۔ حفتر ملیشیا اس معاہدے کے تمام ممکنہ پہلوئوں کا جائزہ لے رہی ہے اور اسے ناکام بنانے کے لیے فوجی آپریشن سمیت تمام ضروری اقدامات کے لیے تیار ہے۔