پیمرا نے چینل 24 کا لائسنس معطل کردیا

1112

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے چینل 24   کا لائسنس قوانین کی خلاف ورزی  پر معطل کردیا ہے۔

پیمرا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہاگیا ہے کہ چینل 24 نے نیوز اور کرنٹ افیئرز کی نشریات  جاری کردہ لائسنس کے خلاف استعمال کیں تھیں۔

 سینٹرل میڈیا نیٹ ورک جاری شدہ لائسنس کے تحت ویلیو ٹی وی چینل پر انٹرٹینمنٹ سے متعلق مواد چلانے کا مجاز تھا جبکہ کمپنی تمام پیمرا قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر 24 نیوز کے نام سے نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز پر مبنی مواد نشر کر رہی تھی۔

پیمرا کے بارہا منع کرنے اور متعدد نوٹسز جاری کرنے کے باوجود سینٹرل میڈیا نیٹ ورک نے چینل نشریات میں نیوز و کرنٹ افیئرز سے متعلق پروگرام جاری رکھے۔ اس ضمن میں اتھارٹی نے 7 مئی 2020 کو ایک نوٹس بھی جاری کیا، جس  میں کمپنی کو نیوز و کرنٹ افیئرز مواد کو فوری بند کرنے اور منظور شدہ انٹرٹینمنٹ مواد نشر کرنے کے احکامات جاری کیے تھے، تاہم متعدد مواقع کی فراہمی کے باوجود چینل انتظامیہ نے پیمرا کے احکامات پر عملدرآمد کرنے کے بجائے نظر انداز کیا۔

پیمرا نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ تمام تر قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے اتھارٹی نے سنٹرل میڈیا نیٹ ورک پرائیویٹ لمیٹڈ کو جاری شدہ لائسنس فور طور پر معطل کردیا ہے ۔