مہنگائی کے طوفان نے غریب کی زندگی اجیرن بنادی ،جاوید قصوری

171

لاہور(نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے پہلے مالی سال کی آڈٹ رپورٹ میں چالیس وفاقی وزارتوں اور محکموں کے سرکاری فنڈز میں 270ارب روپے کی بد عنوانیوں اور بے قاعدگیوں کا سامنے آنا شرمناک المیہ ہے ۔کرپشن کے خاتمے کا نعرہ لگانے والوں کے دور میں مالی بے ضابطگیوں کے اسیکنڈلز میڈیا میںآنا،اس بات کا ثبوت ہیں کہ ملک میں کرپٹ عناصر کا راج ہے۔ حکمران بری طرح ناکام ہوچکے ہیں ۔ ملک میں مہنگائی کا ایک طوفان برپا ہے جس نے غریب کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے۔ حکمران صرف زبانی جمع خرچ سے کام چلا رہے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت کے دور میں پاکستان کے ذمے مجموعی قرضہ 42ہزار220ارب روپے سے تجاوز کرچکا ہے۔ مشرف دور میں یہ قرض 3200ارب روپے ، پیپلز پارٹی کے دور میں 8200ارب جبکہ مسلم لیگ ن کے دور میں 16ہزار 561ارب روپے تھا۔ موجودہ حکمرانوں کی تمام باتیں جو انہوں نے الیکشن سے قبل کی تھیں۔ جھوٹ ثابت ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا لاک ڈائون کے باعث سرکاری اعداد و شمار خود اس بات کا اعتراف کررہے ہیں کہ ملک میں 30لاکھ افراد بے روزگار ہوچکے ہیں۔ جبکہ میڈیاکی رپورٹس کے مطابق یہ تعداد دو کروڑ سے زائد ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کی سخت شرائط اور تمام معاہدے عوام کے سامنے لائے۔ قومی و ملکی مفادات کے خلاف کسی اقدام کو عوام قبول نہیں کریںگے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ آئندہ بجٹ میں مہنگائی اور کورونا سے متاثرہ عوام کو بڑا ریلیف فراہم کیا جانا چاہیے۔