کورونا سے بچاؤکیلیے عید الاضحیٰ پر جامع حکمت عملی لازم ہوگئی ،گورنر پنجاب

107

لاہور (خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے عید الاضحی پر جامع اور سخت حکمت عملی لازم ہوچکی ہے۔ لاہور سے جاری بیان میں گور نر پنجاب کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں‘ مویشی منڈیاں کورونا وبا میں خطر ناک اضافے کا سبب بن سکتی ہیں۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب چودھری محمدسرور سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی قیادت میں بلوچستان کے وفد نے گور نر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی جس میں بلوچستان کی ترقی، خوشحالی، حکومتی اور سیاسی امور سمیت دیگرا یشوز پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کے دوران گور نر پنجاب نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ پاکستان کی مضبوطی اور خوشحالی کے لیے بلوچستان کی ترقی لازمی ہے اور وفاقی حکومت اس کے لیے تمام وسائل
بیرور کا ر لارہی ہے‘ پنجاب ہر مشکل وقت میں اپنے بلوچ بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے‘ کورونا بحران میں بھی ہم اپنے بلوچ بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ قبل ازیں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں کیپٹن صبیح اور سپاہی نویدکی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیر ستان میں دہشت گردوں کے فوجی قافلے پر حملے کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے‘ ہم ملکی دفاع کے لیے اپنی جان قربان کر نے والے پاک افواج کے افسران اور نوجوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔