وزیر ستان میں فائرنگ ، کیپٹن اور جوان شہید ، حملہ آور ہلاک

496

 

راولپنڈی (خبرایجنسیاں)وزیرستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے کیپٹن اور سپاہی شہید جب کہ 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔ مقابلے میں ایک دہشت گرد بھی ہلاک ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے گیروم کے قریب سیکورٹی فورسز کی پیٹرولنگ پارٹی پر فائرنگ کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے کیپٹن صبیح اورسپاہی نوید جام شہادت نوش کرگئے جب کہ 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ بعد ازاں سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا ۔ کمپاؤنڈ کو دہشت گردوں سے کلیئر کرا لیاگیا۔خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں کئی سیکورٹی اہلکار شہید ہوچکے ہیں۔ اس سے قبل 10 جون کو
شمالی وزیرستان میں میران شاہ کے قریب دھماکے میں 2 سیکورٹی اہلکار شہید جبکہ 4 زخمی ہوگئے تھے۔19 مئی کو شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی کے قریب ایک پْرہجوم بازار میں دھماکا خیز ڈیوائس پھٹنے سے ایک فوجی جوان شہید جبکہ دیگر 3 زخمی ہوگئے تھے۔8مئی کو شمالی وزیرستان میں ایک سیکورٹی چیک پوسٹ پر راکٹ حملے میں پاک فوج کے 2 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔26 اپریل کو شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کی گئی کارروائی کے دوران پاک فوج کے 2جوان شہید ہوگئے تھے جبکہ 9 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کیا گیا تھا۔اس سے قبل 14 اپریل کو شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک فوجی اہلکار شہید ہوگیا تھا۔11 اپریل کو شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں 2 سیکورٹی اہلکار شہید جبکہ 7 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے تھے۔قبل ازیں 8 اپریل کو سیکورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع شمالی وزیرستان اور مہمند میں کارروائی کرکے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔