مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں مزید 3 نوجوان شہید۔ پاکستان کی مذمت

213

 

سری نگر(خبرایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں مزید 3 نوجوان شہید ہوگئے۔ کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے سری نگر میں محاصرے کی آڑ میں نہتے نوجوانوں کو نشانہ بنایا۔ رپورٹ کے مطابق قابض بھارتی فوج نے سری نگر کے علاقے میں داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر دیا اور انٹرنیٹ و موبائل فون سروس بھی معطل کردی گئی۔ نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران خواتین کی بے حرمتی کی گئی جب کہ بچوں اوربزرگوں کو ہراساں کیا گیا۔اس کے علاوہ بھارتی فوجیوں نے بڈگام اور سوپور کے علاقوں سے 12 سے زاید نوجوانوں کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔ ساتھ ہی قابض بھارتی فورسز کو کورونا کی آڑ میں
کشمیری نو جوانوں کو ستانے کا نیا بہانہ بھی مل گیا ہے۔ بھارتی فورسز قرنطینہ کے نام پر وادی میں واپس آنے والے طلبہ کو طرح طرح سے ذہنی و جسمانی اذیتیں پہنچا رہی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران شوپیاں، پلوامہ، باندی پورہ اور سری نگر میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 12 ہوگئی تاہم مودی سرکار تمام تر ریاستی جبر کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت اور جدوجہد آزادی کو روکنے میں ناکام نظر آتی ہے۔پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد آپریشن کی آڑ لے کر نوجوانون کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ۔