کلورونا سے جاں بحق 75فیصد افراد پہلے سے کسی بیماری میں مبتلا تھے ، ظفر مرزا

300

 

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کورونا سے جاں بحق ہونے والے75 فیصد افراد پہلے سے کسی بیماری میں مبتلا تھے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ظفرمرزا نے کہا کہ کورونا وائرس سے3 ہزار 500 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں‘ تقریباً 72 فیصد جاں بحق افراد کی عمر 50 سال سے زاید تھیں‘ 70 سے 75 فیصد افراد پہلے سے کسی بیماری میں مبتلا تھے، کورونا سے جاں بحق افراد کو بلڈ پریشر، ذیابطیس یا دل کا عارضہ تھا‘ ایسے بیمار افراد کے کورونا وائرس میں
مبتلا ہونے کے زیادہ امکانات ہوتے ہیں‘ کوروناوائرس سے بچائو کے لیے ہم نے 5 چیزوں کا خصوصی طور پر خیال کرنا ہے جن میں ماسک، فاصلہ، ہاتھوں کا دھونا، بزرگوں کی حفاظت اور بیماروں کی حفاظت ۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ڈریپ کی جانب سے کورونا وائرس کے تشویشناک مریضوں کے لیے دوران ایمرجنسی دوا ریمڈیسویئر کے استعمال کی اجازت کے بعد اس کی دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے‘ ڈریپ کی جانب سے ریمڈیسویئر کے ایمرجنسی استعمال کے لیے امپورٹ اور رجسٹریشن لیٹرز جاری کر دیے گئے ہیں‘ اس دوا کا استعمال ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق صرف تشویشناک حالت میں کیا جائے گا۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ امریکا، جاپان، برطانیہ اور یورپ کی جانب سے استعمال کی اجازت کے فوری بعد ہی ڈریپ نے این او سی کا اجرا کیا تھا‘‘ ڈریپ نے 2 امپوٹرز اور 14 لوکل مینوفیکچررز کو اجازت نامہ جاری کر دیا ۔