صوبائی حکومت کے ایم سی افسر کے سامنے پسپا، معطل افسر بحال

507

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) حکومت سندھ نے سیاسی مصلحت کے ہاتھوں مجبور ہوکر کے ایم سی کے گریڈ 19 کے افسر جمیل فاروقی کو محض 15 دن بعد ہی بحال کردیا۔

خیال رہے کہ ” جسارت ” نے دو روز قبل 14 جون کو یہ خبر دی تھی کہ سندھ حکومت سیاسی مصلحت کا شکار ہوکر معطل افسر جمیل فاروقی کو کے ایم سی واپس بھیج چکی ہے جبکہ اس کی بحالی کا بھی فیصلہ کرلیا ہے۔ حکومت نے 15 جون کو نوٹیفکیشن کے ذریعے جمیل فاروقی کی معطلی ختم کرکے انہیں بحال کردیا۔

بحالی کے نوٹیفیکشن کے بعد جمیل فاروقی نے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمان کو رپورٹ کردی ہے۔

خیال ہے کہ میئر کی منظوری کے بعد جمیل فاروقی کو من پسند اسامی پر تعینات بھی کردیا جائے گا، یہاں یہ بات یاد رکھنے کی ہے کہ حکومت سندھ نے یکم جنوری کو سینئر ڈائریکٹر ایچ ار ایم سمیت دیگر تین اسامیوں پر خدمات انجام دینے والے جمیل فاروقی کو معطل کردیا تھا اور ان کے خلاف اختیارات کا غیرقانونی استعمال کرنے پر انکوائری شروع کردی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سیکریٹری سندھ نے انکوائری حتمی نتائج تک جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔ جمیل فاروقی کے خلاف انکوائری کی غرض سے انکوائری کمیٹی ان کا سروس ریکارڈ اور پاسپورٹ طلب کرچکی ہے۔